آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ دنیا کی سب سے بڑی لفٹ ایک فلیٹ کے سائز جتنی ہے۔دنیا کی سب سے بڑی لفٹ بھارت میں واقع ہے، یہ ایک فلیٹ کے سائز جتنی ہے جس میں ایک وقت میں 235 افراد سما سکتے ہیں، اور اس کا وزن 16 ٹن ہے اور اس میں 9 اسٹیل کیبلز ہیں۔یہ مسافر لفٹ کونے کارپوریشن انڈیا کے ذیلی ادارے کونے ایلیویٹرز نے تیار کی تھی، جو ممبئی میں جیو ورلڈ سینٹر، باندرہ کرلا کمپلیکس میں نصب کی گئی ہے۔لفٹ کی پیمائش پچیس اعشاریہ اٹھہتر مربع میٹر ہے اور اس کی شیشے کی دیواریں عمارت کے اندر کے خوب صورت نظارے پیش کرتی ہیں، اسے کنونشن سینٹر میں شادیوں یا نمائشوں میں شرکت کرنے والے لوگوں کے بڑے گروپس کی خدمت کے لیے نصب کیا گیا تھا۔
اس کا سائز ایک اسٹوڈیو اپارٹمنٹ جتنا ہے، کسی لفٹ کے لیے یہ اتنا بڑا سائز ہے کہ اسے محفوظ بنانا بھی ایک مسئلہ ہوتا ہے، چناں چہ کمپنی نے عمارت کی پانچ منزلوں کے درمیان اسے چلانے کے لیے جدید پ±لی بیم سسٹم تعمیر کیا ہے اور لفٹ 18 پلیوں اور 9 رسیوں کی مدد سے چلائی جاتی ہے۔اس لفٹ کا منفرد دروازہ چار پینل پر مشتمل ہے، یہ لفٹ پانچ منزلوں کے درمیان ایک میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے سفر کرتی ہے۔ اس لفٹ کے اندر سے نہایت شان دار طور پر آرائش کی گئی ہے۔