صحت

تربوز کے بیج غذائیت کا پاور ہاؤس


اکثر افراد تربوز کھاتے وقت اس کے بیج پھینک دیتے ہیں، اگر آپ بھی یہی غلطی کرتے ہیں تو یہ جان لیجئے کہ یہ تمام بیجوں میں سب سے زیادہ غذائیت سے بھرپور اقسام میں سے ایک ہیں، اسے غذائیت کا پاور ہاوٴس بھی کہا جاتا ہے۔یہ پروٹین، وٹامنز، اومیگا 3 اور اومیگا 6 فیٹی ایسڈز، میگنیشیئم، زنک، کاپر، پوٹاشیئم اور بہت سی غذائی اجزاء کا بھرپور ذریعہ ہیں۔ یہ فالج اور دل کے دورے کا خطرہ کم کرنے میں مفید ثابت ہوتے ہیں۔آئیے ان کالے اور بھورے بیجوں کو ضائع کرنے سے قبل ان کے فوائد کے بارے میں جان لیتے ہیں۔
کیلوریز میں کم
تربوز کے بیج کیلوریز میں ناقابل یقین حد تک کم اور غذائی اجزاء اور معدنیات سے بھرپور ہوتے ہیں، جو ہماری روزمرہ کی عمومی ضرورت کے لیے درکار ہوتے ہیں۔ اس میں کاپر، زنک، پوٹاشیئم، میگنیشیئم اور آئرن کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے۔خیال رہے کہ ایک کپ بْھنے ہوئے تربوز کے بیجوں میں تقریباً 600 کیلوریز ہوتی ہیں
صحت کے لیے مفید چکنائی
یہ بیج صحت کے لیے مفید چکنائی اور فیٹی ایسڈز کے حصول میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق تربوز میں موجود چکنائی دل کی صحت کو بہتر بناکر ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ کم کرتی ہے جبکہ خون میں کولیسٹرول کی سطح کم کرتی ہے۔


میگنیشیئم سے بھرپور
تربوز کے بیجوں میں میگنیشیئم جیسے مفید غذائی جز کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جو ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے اور بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے میں مددگار ہوتی ہے۔4 گرام بیجوں سے 21 ملی گرام میگنیشیئم جسم کو ملتا ہے جو روزانہ درکار مقدار کے 5 فیصد حصے کے برابر ہے۔میگنیشیئم ہمارے جسم کے میٹابولک افعال کے لیے ضروری ہوتا ہے جبکہ اعصاب اور مسلز کے ساتھ ساتھ مدافعتی نظام، دل اور ہڈیوں کی صحت کے لیے بھی اہم ہوتا ہے
ہڈیوں کی مضبوطی
تربوز کے بیجوں میں موجود مواد کا امتزاج ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے علاوہ جسم کی نشوونما میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔تربوز کے استعمال سے پیدا ہونے والے ایسڈ خون میں شکر کی سطح کو بھی معتدل رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
جلد اور بالوں کی بہترین نشونما کے لیے انتہائی مفید
تربوز کے بیج بالوں کو مضبوط بنانے اور جلد کو خوبصورت بنانے اور اس کی حفاظت میں مدد فراہم کرتے ہیں۔بازار میں باآسانی تربوز کے بیجوں کا تیل دستیاب ہوتا ہے جس کا استعمال جلد کی مالش اور نمی کے لیے کیا جاسکتا ہے۔ اسے بالوں کی نشوونما کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
حاملہ خواتین کے لیے بھی مفید
حمل کے دوران اکثر خواتین کو سینے کی جلن کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ تربوز حمل کے دوران سینے کی جلن کی شکایت کو کم کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس پھل میں ایسے منرلز پائے جاتے ہیں جو حمل کی تیسری سہ ماہی کے دوران پٹھوں کی تکلیف سے بچانے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔


تربوز کے بیج استعمال کرنے کا طریقہ:
تربوز کے بیجوں کو آپ جیسے چاہیں استعمال کرسکتے ہیں اور اس کی افادیت سے مستفید ہوسکتے ہیں۔اگر آپ چاہیں تو انہیں خشک کر کے اس کا پاوٴڈر تیار کرسکتے ہیں یا پھر انہیں دھوپ میں خشک کرنے کے بعد بھون بھی سکتے ہیں۔اس کے علاوہ بیجوں کو پھل میں سے براہ راست کھانے کے بجائے انہیں سپراؤٹ کریں یعنی جب بیج میں سے ننھی کونپل پھوٹ نکلنے لگیں تو ان کے چھلکے اتاردیں۔ پھوٹتے ہوئے بیجوں کو کھانے سے بے شمار فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔