دلچسپ و عجیب

ٹائروں کی اوپر سطح پرلکیریں کیوں بنی ہوتی ہیں؟


گاڑی، موٹر سائیکل یا بس وغیرہ میں روزانہ اربوں افراد سفر کرتے ہیں، مگر کیا آپ نے کبھی سوچا کہ ان سواریوں کی ٹائروں پر لکیروں کا عجیب ڈیزائن کیوں بنا ہوتا ہے؟جی ہاں کیا آپ نے کبھی سوچا کہ آخر ٹائر مکمل ہموار کیوں نہیں ہوتے یا ان پر یہ لکیریں بنانے کا مقصد کیا ہے؟یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ ٹائر کسی بھی گاڑی کا اہم ترین حصہ ہوتے ہیں کیونکہ ان کے بغیر سفر کرنے کا تصور ممکن نہیں۔

جہاں تک ٹائروں پر بنی لکیروں کی بات ہے تو ان کے بنانے کی وجہ کافی دلچسپ ہے۔درحقیقت یہ لکیریں آپ کے تحفظ کو یقینی بناتی ہیں کیونکہ ان کے بغیر حادثے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

یہ لکیریں تصور سے بھی زیادہ اہم ہوتی ہیں اور ان کے ڈیزائن کا انحصار مخصوص ماحول کے مطابق ہوتا ہے اور ہر ڈیزائن کا اپنا مقصد ہوتا ہے۔مگر بنیادی طور پر یہ لکیریں کسی بھی گاڑی کی کارکردگی کے چند پہلوؤں میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔مثال کے طور پر ٹائروں پر موجود لکیریں گاڑی کی ہینڈلنگ پر براہ راست اثرانداز ہوتی ہیں تاکہ تیز رفتاری سے سفر کے دوران گاڑی ہموار طریقے سے سفر کرے اور اس کا توازن خراب نہ ہو۔

ان لکیروں کے بغیر گیلے یا پھسلن زدہ سڑکوں پر گاڑی چلانے سے حادثے کا خطرہ بڑھتا ہے۔

سفر کے دوران ٹائر پر موجود یہ لکیریں گاڑی کی رفتار کو ہموار رکھتی ہیں اور سڑک کی سطح پر کنٹرول کھونے کا خطرہ کم کرتی ہیں۔

ان کی مدد سے ہی گاڑی کو محفوظ طریقے سے فوری طور پر روکنا بھی ممکن ہوتا ہے، خاص طور پر بارش والے موسم میں، جب ٹائروں پر بنے گڑھے بریک لگانے کے عمل کو آسان بناتے ہیں۔

ان لکیروں کا ایک اور مقصد بھی ہے اور وہ ہے ایندھن کی بچت۔

موجودہ عہد میں ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور ٹائروں پر بنے ڈیزائن گاڑی کے افعال کو بہتر بناکر ایندھن کی بچت میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ ایک ٹائر پر بنی ان لکیروں کی گہرائی 10/32 سے 11/32 انچ ہوتی ہے۔