صحت

ناگ کیسر جڑی بوٹی کے حیران کن فوائد اور استعمال‘ کرشماتی خوبیوں کی حامل جڑی بوٹی


ناگ کیسر کو مختلف امراض جیسے بواسیر، فساد خون، چہرے کے دھبے، خونی دست، سانپ کے زہر اور پیٹ کے کیڑوں میں بطور دوا استعمال کیا جاتا ہے۔

مشہور نام: ناگ کیسر

ہندی: باگ کیسر

سنسکرت: ناگ، کنجلک

مرہٹی: ماتا مڑا، ناگ کثیر

گجراتی: ناگ کثیر

انگریزی: میسا فیرا

شناخت

ایک بڑے قد کا سدا بہار درخت ہے۔ جس کا تنا صاف، سیدھا اور کھڑا ہوتا ہے۔ ٹہنیاں نرم، سروں پر چار چار کونپلیں، چھال چوتھائی انچ موٹی، سرخ رنگ، لکڑی کی رنگت سرس کی طرح، لیکن اس سے زیادہ سخت اور وزنی، نئی شاخوں کا رنگ شروع میں سرخ، پھر زرد اور آخر کار گہرا سبز ہو جاتا ہے، پتے چمڑے کی طرح سخت، پھل گول صورت کا، اس کے اندر دو خانے ہوتے ہیں۔ جو ناگ کیسر کے نام سے بازار میں ملتے ہیں۔

مزاج

مزاج دوسرے درجہ میں گرم خشک ہے۔

مقدار خوراک

تین سے پانچ گرام۔

نفع خاص

دافع بواسیر، مخرج کرم۔

مصلح

شہد۔

بدل

ناگر موتھا۔

مضر

گرم مزاجوں کے لئے۔

ناگ کیسر کا استعمال اور فوائد

مفرح ومقوی قلب ہونے کے باعث امراض قلب و دماغ مثلاً وحشت مالیخولیا اور جنون میں استعمال کرتے ہیں۔ مقوی باہ ہونے کے باعث اس کے عطر کا طلاء لگایا جاتا ہے، اور ایک رتی کے قریب پان میں کھلایا جاتا ہے۔ اسے سے باہ میں تحریک پیدا ہوتی ہے۔ دماغ پر معدہ کے بخارات چڑھنے کو روکتا ہے اور معدہ وجگر و آمعاء کو تقویت دیتا ہے۔ قابض مجفف اور مقوی امعاء ہونے کے باعث ہر قسم کی بواسیر میں اس کو کھلایا جاتا ہے۔ اگر اس کے پھول کے زیرہ رات کو بھگو کر صبح کے وقت شہد یا مصری ملا کر پلایا جائے تو خون بواسیر رک جاتا ہے۔

مفصل فوائد درج ذیل ہیں۔

بواسیر

پھول ناگ کیسر نو ماشہ، رات کو پانی میں بھگو کر صبح اس کے نتھار میں شکر سفید ملا کر چالیس دن استعمال کرائیں۔ بادی اور خونی بواسیر کے لیے مفید ہے۔

فساد خون

پھل ناگ کیسر 9 ماشہ کا شیرہ نکال کر دو تولہ شہد ملا کر پینا فساد خون میں مفید ہے۔

چہرے کے دھبے

ناگ کیسر کے پھول (سفوف شدہ) چھ ماشہ، ویزلین سفید ایک اونس، لیپ تیار کریں۔ رات کو منہ پر ملیں۔ صبح گرم پانی سے منہ دھو ڈالیں۔ چہرے کے داغ دھبے دور کرنے کے لیے از حد مفید ہے۔

خونی دست

ناگ کیسر تین ماشہ تازہ پانی کے ہمراہ کھلائیں۔ خونی دستوں کے لیے مفید ہے۔

سانپ کا زہر

ناگ کیسر کے پتے پیس کر کاٹے ہوۓ مقام پر لیپ کریں۔ سانپ کے زہر کو مفید ہیں۔

پیٹ کے کیڑے

ناگ کیسر کا پھل پانچ ماشہ کوٹ کر نیم گرم پانی سے دیں۔ پیٹ کے کیڑوں کو مفید ہے۔