صحت

سفید انڈین موصلی ایک بہت لاجواب جڑی بوٹی


موصلی سفید ، جسے سفید موصلی بھی کہا جاتا ہے ایک شہوت انگیز اور اعصابی کمزوری کو دور کرنے والی جڑی بوٹی ہے جو یونانی طب اور آیوروید میں بطور دوا استعمال ہوتی ہے۔ یہ مردوں کی جنسی کارکردگی کو بہتر بنانے، سپرمز کے نقص دور کرنے اور پٹھوں کو طاقت فراہم کرنے کے لئے انتہائی موثر ہے۔

موصلی سفید کے مختلف زبانوں میں نام

فارسی میں موصلی سفید

بنگالی میں سادا موصلی

گجراتی میں دھولی موصلی

ہندی میں سفید موصلی

Chlorophytumانگریزی میں

ماہیت

موصلی سفید کا پودا 1.5 فٹ سے 2 فٹ اونچا ہوتا ہے جو موسم برسات میں پہاڑوں کی ڈھلانوں پر خودرو پیدا ہوتا ہے۔ پتے کھجور کے پتوں کی طرح نوک دار، زردی مائل سبز،  جن کا ذائقہ قدرے میٹھا کھٹا اور تھوڑا چکنا ہوتا ہے۔ جولائی اور ستمبر کے درمیان پودے کے درمیان سے گھیکوار کی طرح پتے نکلتے ہیں۔ پھول مجزی جس میں چھ پنکھڑیاں ہوتی ہیں اور پھل چھوٹی الائچی کے برابر ہوتا ہے۔ موصلی کی جڑ تین سے پانچ انچ لمبی نکلتی ہے۔ ہر پودے کے نیچے چھ سات موصلیاں ہوتی ہیں جو شکن دار سفید ہوتی ہیں اور ان کا مزہ پھیکا لعاب دار ہوتا ہے۔ ان جڑوں کو ستمبر کے آخر میں اکھاڑ لیا جاتا ہے۔

مقام پیدائش

کشمیر، کوہ مری، ڈلہوزی، شملہ چکروتہ کے علاوہ ست پڑا کوہ ارولی اور پربت بندھیا چل وغیرہ۔

اقسام

موصلی کی ایک قسم اور ہے جو بہت چھوٹی ہوتی ہے اس کو موصلی دکھنی کہتے ہیں اور تیسری موصلی سیاہ ہے۔

مزاج

گرم درجہ اول اور خشک درجہ دوم۔

افعال

مقوی باہ ،مولد منی اور مغلظ منی۔

موصلی سفید کے فوائد اور استعمال
  • موصلی سفید بدن کو مضبوط بناتی ہے۔
  • موصلی کا سفوف ہم وزن شکر کے ہمراہ بناکر ضعف باہ اور جریان میں کھلانا بے حد مفید و مجرب  ہے۔
  • موصلی سفید غذائیت سے بھر پور ہے، ایسے افراد جو جسمانی طور پر کمزور ہوں، دودھ کے ساتھ اس کا استعمال کرنا نہایت مفید ہے۔
  • موصلی سفید کا استعمال اولیگو سپرمیا اور منی کی افزائش میں مفید ہے۔
  • احتلام میں اس کا استعمال انتہائی مفید ہے۔
  • موصلی سفید کا استعمال سرعت انزال جیسے عوارض میں بھی مفید مانا گیا ہے۔
نفع خاص

مقوی باہ و مغلظ۔

مصلح

شکر بدل ایک قسم دوسری قسم کا بدل ہے۔

مشہور مرکب

سفو ف سیلان الرحم اور معجون مقوی رحم۔

مقدار خوراک

بچوں کیلئے: 25 ملی گرام سے 50 ملی گرام فی کلوگرام وزن کے حساب سے۔ ایک وقت کی خوراک 1 گرام سے زیادہ نہ ہو۔

بڑوں کیلئے: 3 سے 6 گرام۔

60 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے: 2 سے 3 گرام۔

زیادہ سے زیادہ ممکنہ خوراک: ایک دن میں 12 گرام۔

استعمال کا بہترین وقت: دن میں 2 بار دودھ کے ساتھ، کھانے کے 2 گھنٹہ بعد استعمال کریں۔