صحت

کیا مٹکے کا پانی کولیسٹرول اور بلڈپریشر کوکنٹرول کرنے میں مددگار ہوتا ہے ۔۔؟؟


گھروں میں مٹی کے گھڑے یا مٹکے میں پانی رکھنا ایک پرانی روایت ہے، کئی لوگ پینے کے پانی کو زیادہ دیر تک ٹھنڈا رکھنے کے لیے مٹکے کا استعمال کرتے ہیں جبکہ کچھ لوگ پانی میں مٹی کا ذائقہ پسند کرنے کی وجہ سے پانی مٹکے میں رکھتے ہیں۔لیکن کیا یہ بات درست ہے کہ مٹکے کا پانی کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے یا ہاضمے کو بہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ مٹکا کا سب سے اہم فائدہ اس کی پانی کو قدرتی طور پر ٹھنڈہ رکھنے کی خاصیت ہے، مٹی کے برتنوں میں موجود باریک سوراخ ان کی بیرونی سطح پر پانی کو بخارات بننے دیتے ہیں جس سے قدرتی طور پر پانی اندر سے ٹھنڈا رہتا ہے۔

کیا یہ ہاضمہ بھی بہتر بناتا ہے؟

اس رائے سے ماہرین اتفاق کرتے ہیں کہ مٹکے کا معتدل درجہ حرارت والا پانی پینا ہاضمہ بہتر بنانے میں مدد کر سکتا ہے۔

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ تیز ٹھنڈا پانی خون کی نالیوں میں تناؤ پیدا کردیتا ہے اور نظام انہضام کو متاثر کرتا ہے جبکہ مٹکے کا پانی ہلکا ٹھنڈا ہونے کے باعث ہاضمے کے صحت مند عمل کو برقرار رکھنے میں مدد کرتا ہے۔

علاوہ ازیں مٹکے کا پانی جسم کے پی ایچ لیول کو متوازن رکھنے، تیزابیت کو کم کرنے اور سینے کی جلن کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔

ہلکا ٹھنڈا پانی پینا میٹابولزم کو بڑھا سکتا ہے جبکہ ریفریجریٹر سے ٹھنڈا پانی میٹابولزم کو سست کردیتا ہے، میٹابولزم کی رفتار اور توانائی کی مجموعی سطح کو برقرار رکھنے میں مٹکے کا پانی انتہائی مفید ہے۔

مزید برآں پلاسٹک یا دھات سے بنے برتنوں کے بجائے مٹی کے برتن کا استعمال کرنا ماحولیاتی اعتبار سے بھی فائدہ مند ہے، اس کا استعمال پلاسٹک کی بوتلوں کی تیاری اور ری سائیکلنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والے پلاسٹک کے کچرے کی مقدار اور کاربن فوٹ پرنٹ کو کم کرسکتا ہے۔

مٹی کے برتن میں پانی کا خوشگوار احساس اور تروتازہ ذائقہ زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی ترغیب دیتا ہے اور مناسب مقدار میں پانی پینا مجموعی طور پر صحت کے لیے انتہائی اہم ہے۔

تاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کو مؤثر طریقے سے کنٹرول کرنے کے لیے مٹکے کے پانی پر ہی مکمل انحصار کرنے کی بجائے طرز زندگی میں صحت مند تبدیلیاں ضروری ہیں۔