ہیلتھ ٹپس

اگر آپ سگریٹ نوشی کی لت سے جانا چھڑانا چاہتے ہیں تو یہ پانچ آزمودہ ٹوٹکے آزمائیں


سگریٹ نوشی کی لت چھوڑنا کئی لوگوں لیے کافی مشکل اور خاصا صبر آزما کام ہے لیکن یہ ایک صحتمند طرزِ زندگی کی جانب ایک اہم اور ضروری قدم ہے۔سگریٹ نوشی سے بچنے کا راستہ ہر فرد کے لیے مختلف اور منفرد ہوسکتا ہے لیکن کچھ آزمودہ ٹوٹکے ایسے بھی ہیں جو آپ کی اس کوشش میں کامیابی کے امکانات کو بڑھا سکتے ہیں۔

وجوہات کو پہچانیں

سب سے پہلے ان وجوہات نشاندہی کریں جو آپ کو سگریٹ نوشی پر اکساتے ہیں، ان عوامل کی نشاندہی سگریٹ نوشی چھوڑنے کی جانب پہلا قدم ہے۔سگریٹ نوشی کے محرکات نفسیاتی یا جذباتی بھی ہو سکتے ہیں، مثلاً ذہنی تناؤ یا اضطراب، سگریٹ نوشی کرنے والے دوستوں کی صحبت وغیرہ۔اِن محرکات کی تشخیص سے آپ کو ان سے بچنے یا صحت مند طرز زندگی کے لیے حکمت عملی اپنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ایک تحقیق کے مطابق سگریٹ نوشی پر اکسانے والے محرکات کو سمجھنے اور ان سے بچنے کے لیے حکمت عملی مرتب کرنے سے سگریٹ نوشی چھوڑنے میں کامیابی کے امکانات دگنا ہوسکتے ہیں۔

ڈیجیٹل ذرائع کا سہارا لیں

ایسی متعدد موبائل ایپلی کیشنز اور آن لائن پلیٹ فارمز ہیں جو تمباکو نوشی کی روک تھام کے لیے بنائے گئے ہیں۔یہ ٹولز اِس کوشش میں آپ کی پیشرفت کو ٹریک کرنے، سگریٹ چھوڑنے کی تاریخیں ترتیب دینے، حوصلہ افزا پیغامات بھیجنے اور آپ کو اس مقصد کے لیے بنائی گئی سپورٹ کمیونٹیز سے جوڑنے کا کام کرتے ہیں۔ایک تحقیق کے مطابق موبائل ایپلی کیشنز اور آن لائن یا ریئل ٹائم سپورٹ سگریٹ نوشی چھوڑنے کے امکانات کو نمایاں طور پر بڑھا سکتی ہیں۔

خود کو انعام دیں

کون پسند نہیں کرتا کہ اسے صبر اور محنت کا صلہ ملے؟ کسی بھی کام کی ترغیب کے لیے انعام کی لالچ یک اچھا محرک ہوسکتی ہے، حتیٰ کہ کچھ لوگ تمباکو نوشی نہ کرنے کی حوصلہ افزائی کے لیے خود کو نقدی انعامات سے بھی نوازتے ہیں۔ایک تحقیق کے مطابق کسی ادارے کے ملازمین کو سگریٹ نوشی نہ کرنے کے لیے مالی انعامات کی لالچ دینا واقعی سگریٹ نوشی چھوڑنے والوں کی شرح میں نمایاں اضافہ کرتا ہے۔

جسمانی سرگرمیاں/ورزش کرنا

باقاعدگی سے ورزش اور جسمانی سرگرمی میں مشغول رہنے سے سگریٹ نوشی پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے۔ورزش ‘اینڈورفنز’ کے اخراج میں مدد دیتی ہے، اِس سے موڈ بہتر اور تناؤ کم ہوتا ہےجسے سگریٹ نوشی کا عام محرک سمجھا جاتا ہے۔تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ چہل قدمی جیسی مختصر جسمانی سرگرمی بھی سگریٹ نوشی چھوڑنے کے عمل میں فائدہ مند ہو سکتی ہے۔

خوراک میں تبدیلی

کچھ کھانے اور مشروبات میں یہ خاصیت ہوتی ہے کہ وہ سگریٹ کو کم دلکش بنا سکتے ہیں، مثال کے طور پر دودھ سے بنی مصنوعات اور کچھ پھل اور سبزیاں ایسی ہوتی ہیں جن کے استعمال کے بعد تمباکو نوشی کم لطف اندوز لگنے لگتی ہے۔

اِن غذاؤں کو اپنی خوراک میں شامل کرنے سے آپ کی سگریٹ نوشی کی عادت سے چھٹکارا پانے میں مدد مل سکتی ہے۔

‘نکوٹین اینڈ ٹوبیکو ریسرچ’ میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق سگریٹ نوشی کرنے والے وہ لوگ جو زیادہ پھل اور سبزیاں کھاتے ہیں وہ کم پھل سبزیاں کھانے والوں کے مقابلے میں کم از کم 30 دن تک سگریٹ نوشی سے پرہیز کی اہلیت رکھتے ہیں۔