صحت

تلسی :دل کی حفاظت اور کولیسٹرول کم کرنے کے لیے قدرت کی طرف سے لاجواب تحفہ


تلسی میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس کا خزانہ دل کی حفاظت کرتا ہے۔ حال ہی میں ایک تحقیقی جرنل میں شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تلسی کا پتہ کولیسٹرول کم کرتا ہے۔

مختلف نام

مشہور نام تلسی، جنگلی تلسی

ہندی: رام تلسی، مرہٹی راہم تلسی

سنسکرت: اجولا، ارجک چھدر تلسی

بنگالی: بابئی تلسی، رام تلسی

پنجابی:  ببوئی تلسی، تامل ایلومیچم

تیلگو: نیما تلاشی، ملی الم کٹوٹٹوا

لاطینی: اوسی مم، بے سی لیکم

(Ocimumbacilicum) (Wild Tulsi)  انگریزی: وائلڈ تلسی

شناخت

تلسی کے پتے ریحان کے پتوں کی طرح لیکن ان سے چھوٹے ہوتے ہیں۔ ان میں علیحدہ علیحدہ شاخین نکلتی ہیں۔ اس کا پودا عام تلسی کے پودے سے چھوٹا ہوتا ہے اور زمین سے کسی قدر اونچا ہوتا ہے۔ پتوں کا مزہ لونگ جیسا ہوتا ہے۔ اسکے بیج کالے رنگ کے ہوتے ہیں۔ قد میں چھوٹے پانی میں بھگو نے سے ان پر لعاب کی تہہ جم جاتی ہے، ہندو لوگ قدیم عرصہ سے اس کی پوجا کے قائل ہیں، کیونکہ وہ اس کے طبی استعمال سے بھی واقف تھے۔ چنانچہ مشہور وئید شسرت نے اپنی کتاب شسرت سنگھتا میں بطور دوا اس کا ذکر کیا ہے۔ ہندوستان و پاکستان کے ہر علاقے کے علاوہ ایران وغیرہ ممالک میں عام پائی جاتی ہے۔

مزاج

تلسی کا مزاج  درجہ اول میں گرم اور درجہ دوم میں خشک، بیج گرمی و خشکی، معتدل، معدے و دماغ کے لیے مضر ہے۔ اس کا بدل ایک قسم کی تلسی دوسری کا بدل ہے۔

فوائد

خارجی طور پر سبز تلسی کے پتوں کو کوٹ کر عرق لیموں کے ساتھ ملا کر داد، خارش اور دیگر جلدی امراض میں ضماد کرانا نافع ہے۔ یہ چہرے کے سیاہ داغوں اور چھائیوں کو دور کر کے رنگ کو بھی نکھارتی ہے، سفید داغوں کے لیے بھی نہایت عمدہ دوا ہے۔ اس کے سبز پتوں کا رس کان میں ٹپکانا درد کان کو دور کرنے کے لیے نہایت اعلیٰ درجہ کی دوا ہے۔ سانپ اور بچھو کاٹے میں مفید ظاہر ہوئی ہے۔ اس کے سبز پتوں کو کوٹ کر ضماد کے طریق پر کاٹی ہوئی جگہ پر لگا دیں۔ جب ان کا رنگ سیاہ ہو جائے اتار کر اس طرح دوسری مرتبہ ضماد کریں، حتیٰ کہ اس کا ضماد سیاہ ہونا بند ہو جائے۔ اس طرح تمام زہر ضما د میں جذب ہو کر جسم سے خار ج ہو جاتا ہے۔

داخلی طور پر سبز پتوں کو 9 دانہ سیاہ مرچ کے ساتھ نصف چھٹانک پانی میں گھوٹ کر دینے سے نزلہ، بخار اور تپ لرزہ رفع ہو جاتا ہے۔ شہد میں مل کر کھانے سے بھوک خوب لگتی ہے اور بد ہضمی دور ہو جاتی ہے۔ اس کے پتوں کا جوشاندہ تیار کر کے تھوڑا دودھ اور شکر ملا کر چائے کے طور پر استعمال کرنا تھکان، نزلہ، زکام اور کھانسی کو دور کرتا ہے۔ اس کے پتوں کا عرق نکال کر بقدر ایک تولہ ایک ماشہ فلفل سیاہ کے سفوف کے ساتھ روزانہ صبح کو پینا مزمن بخار، نزف الدم، پیچش، بد ہضمی، کھانسی وغیرہ میں نافع ہے۔

اگر اس کے رس کے ساتھ شہد، ادرک اور پیاز کا رس بھی ملا دیا جائے تو کھانسی، دمہ وغیرہ کے لیے لاثانی دوا ہے، اس کے بیجوں کو باریک پیس کر گائے کے دودھ کے ہمراہ دینا قے اور اسہال کے لیے نافع ہے۔ بالخصوص بچوں میں اس کی جڑ کا جوشاندہ موسمی بخاروں کے لیے نہایت مفید سمجھا جاتا ہے۔ ایام جاری کرنے کے لیے تلسی کا استعمال بہت مفید ہے۔

مندرجہ ذیل مجربات تلسی نہایت آسان و آزمودہ ہیں
کالی کھانسی

تخم تلسی، بیج پیپل، اصل السوس ہر ایک آدھا تولہ، آدھ سیر پانی میں جوش دیں۔ جب ایک تہائی رہ جائے اتار کر رکھ لیں۔ اس میں سے ایک چمچہ (چائے کے چمچے کے برابر) دن میں چھ مرتبہ بچے کو استعمال کرائیں۔ بچوں کو کالی کھانسی میں نہایت مفید اور بہت جلد فائدہ کرتی ہے۔

تلسی پلز

بیج تلسی، مرچ سیاہ، طباشیر، ست گلو، زیرہ سفید ہم وزن لے کر باریک پیس کر دانہ مونگ کے برابر گولیاں بنائیں۔ ایک گولی دودھ میں حل کر کے بچے کو پلائیں۔ بچوں کے بخار کو ازحد مفید ہے۔

پھول ماتا

تلسی کے پتے 25 عدد لے کر 50 عدد سچے موتیوں کے ہمراہ چوبیس گولیاں بنا کر ایک گولی روزانہ اور جوانوں کو ایک ایک گولی صبح اور شام عرق گاؤ زبان کے ہمراہ دینا پھول ماتا، تپ محرقہ اور چھوٹی چیچک کے لیے مفید ہے۔

اسہال اطفال

تلسی کے بیج ایک رتی۔ شربت انار چھ ماشہ، میں استعمال کرائیں۔ بچوں کے دستوں میں مفید ہے۔

امراض حلق

اگر آواز میں رکاوٹ ہو تو اس کے بیج دو رتی سے تن رتی میٹھے پان میں چبا لیں۔ گلا درست ہو جائے گا۔

کمزوری

تلسی کے بیج تین ماشہ، گڑ 9 ماشہ، ملا کر کھانے سے کمزوری کو فائدہ پہنچتا ہے۔

موسمی بخار

بیج تلسی، پٹھکنڈا کے پتے ہر ایک چھ ماشہ، سیاہ مرچ تین ماشہ ان تینوں کو کھرل کر کے جنگلی بیر سے ذرا کم گولیاں بنائیں۔ خوراک ایک ایک گولی صبح و شام ہمراہ تازہ پانی دیں۔ ہر قسم کے موسمی بخاروں کو مفید ہے۔

نمک تلسی

تلسی کے تمام پودے کو خشک کر کے جلائیں اور خاکستر کو پانی میں تر کر کے اس کا زلال نکالیں۔ اس نتھار کو صاف کڑاہی میں پکائیں، نمک تیار ہو جائے گا۔ یہ نمک مقوی معدہ و ہاضم ہے۔ بلغم کو آسانی سے باہر نکالتا ہے۔ خوراک ایک رتی سے دو رتی تک۔

روغن مقوی اعصاب

تلسی کے پتوں کا پانی ایک پاؤ، تلوں کا تیل ایک پاؤ۔ دونوں کو ملا کر نرم آنچ پر پکائیں۔ جب پانی خشک ہو جائے تو تیل کو صاف کر لیں یہ تیل بطور نیم گرم مالش کریں، مقوی اعصاب ہے۔

حب ملیریا

تلسی کے پتے، کیکر (ببول) کے پتے، مرچ سیاہ، پپلی، مغز بیج کرنجوہ، کشتہ ہڑتال گئو دنتی، ہم وزن کوٹ چھان کر پانی کے ہمراہ نخود کے برابر گولیاں بنائیں۔ ہر قسم کے موسمی بخار (ملیریا) کے لیے ایک گولی ہمراہ عرق سونف یا درق گاؤ زبان یا نیم گرم پانی سے دن میں دو سے تین بار دیں۔