ہیلتھ ٹپس

اصلی شہد کی پہچان کیسے کی جائے۔۔؟؟ اصلی شہد کی پہچان کے لیے یہ طریقے آزمائیں


شہد کو صحت کے لیے بہت زیادہ مفید قرار دیا جاتا ہے۔

شہد میں شکر، پروٹین، نامیاتی ایسڈز اور دیگر مرکبات کا ایسا پیچیدہ امتزاج ہوتا ہے جو صحت کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔

کھانسی کی روک تھام سمیت متعدد امراض سے تحفظ کے لیے شہد بہترین ہوتا ہے۔

کولیسٹرول، سوڈیم اور چکنائی سے پاک شہد کو اکثر چینی کا صحت مند متبادل بھی قرار دیا جاتا ہے۔

مگر خالص شہد کا حصول آسان نہیں ہوتا کیونکہ ملاوٹ شدہ شہد بھی بازار میں عام ملتا ہے۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ چند عام طریقوں سے آپ اصلی شہد کی شناخت کر سکتے ہیں۔

انگوٹھے سے جانچ پڑتال کریں

شہد کی معمولی مقدار کو انگوٹھے پر لگائیں اور دیکھیں کہ کیا وہ پانی یا دیگر سیال کے طرح نیچے ٹپکتا ہے۔

اگر وہ نیچے ٹپکتا ہے تو پھر وہ اصلی شہد نہیں، کیونکہ گاڑھا ہونے کے باعث اس کے نیچے ٹپکنے کا امکان بہت کم ہوتا ہے۔

پانی سے مدد لیں

ایک گلاس پانی میں ایک چمچ شہد ڈال دیں۔

اگر شہد پانی میں گھل جاتا ہے تو وہ ملاوٹ شدہ ہوگا۔

خالص شہد بہت گاڑھا ہوتا ہے اور وہ پانی میں گھلنے کی بجائے گلاس کی تہہ میں چلا جاتا ہے۔

سرکہ

سرکے کے پانی میں شہد کی معمولی مقدار کو مکس کریں۔

اگر مکسچر میں جھاگ بن جائے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ شہد اصلی نہیں۔

تیلی سے جانچیں

ماچس کی ایک تیلی کو شہد میں ڈبو کر جلائیں، اگر وہ جل جائے تو اس کا مطلب ہے کہ شہد خالص ہے۔

گرم کرکے دیکھیں

اگر شہد گرم ہونے پر جھاگ دار ہو جائے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ ملاوٹ شدہ ہے۔