فساد خون کے جملہ امراض میں بطور مصفی خون شاہترہ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ فساد خون میں وہ تمام جلد ی امراض داخل ہیں، جن سے جلد پر اورام، بثوروقروح عارض ہو جاتے ہیں، مثلا آتشک، جذام، خارش، داد وغیرہ۔
مختلف نام
مشہور نام: شاہترہ، پاپڑہ
بنگالی: کھیت پاپڑہ
ہندی: دمن پاپڑہ، پت پاپڑہ
سنسکرت: پرتپا۔ کشتیر اپرتیا
گجراتی: کھیت پاپڑہ
مرہٹی: کھیت پاپڑہ
تامل: پریا واگم
فارسی: شاہترہ
عربی: شاہترہ، کزیر تہ الحمام
(Lodenanda Corymbosa) لاطینی: اولڈن لنڈیا کوریمپوسا
Fumaria parviflora انگریزی میں
شناخت
ہندو پاکستان میں بہت عام اور اپنے آپ پیدا ہونے والی نباتات ہے۔ اس کا سالم پودا دواؤں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ وئید کہتے ہیں کہ پت پاپڑے کا گچھا دو قسم کا ہوتا ہے۔ ایک کونیلے پھول اور دوسرے کو لال پھول لگتے ہیں۔ یونانی اطباء کہتے ہیں کہ اس کی شاخیں بہت پتلی ہوتی ہیں۔ جب انتہا کو پہنچ جاتے ہیں، تو ان میں سفید پھول لگتے ہیں۔ جن میں لالی کی جھلک ہوتی ہے۔ وہ قسم درست نہیں ہوتی۔ بہترین شاہترہ وہ ہے جو تازہ سر سبز ہو۔ جس کا مزہ تلخ اور قدرے تیز ہو، اور چبانے سے زبان میں کچھ کھچاوٹ محسوس ہو۔
شاہترہ کے فوائد اور مزاج
شاہترہ کا مزاج بعض اطباء کے نزدیک پہلے درجہ میں سرد، اور دوسرے درجہ میں خشک ہے۔ بعض اسے دوسرے درجہ میں اور بعض اسے تیسرے درجہ میں سرد خشک مانتے ہیں۔
پڑوال
شاہترہ کے رس میں گوند کیکر گھول کر پڑاول اکھاڑ کر ان کی جڑوں میں بھر دیں، تو بال پھر نہیں اگتے۔
عرق شاہترہ
شاہترہ، چھلکا ہرڑ زرد، چھلکا جڑ نیم (جو مٹی کے نیچے دبا ہو)، امر بیل، مکو، سرپھوکہ، ہر ایک آدھ سیر، چرائیتہ ایک پاؤ، چڑ چنبیلی، گاؤ زبان، پھول گلاب، صندل سفید، صندل سرخ ہر ایک دس تولہ، بدستور عرق نکالیں۔
فوائد: زہریلے زخم، جوڑوں کا درد، سودادی امراض، فساد خون، داد، کلف، چھاجن، خارش، چھیپ کے لیے مفید ہے۔ بقدر پانچ تولہ عرق لے کر اس میں شہد خالص دو تولہ ملا کر بوقت صبح نہار منہ چالیس دن تک لیں۔ تنقیہ کے بعد اس کا استعمال خاص طور پر مفید ہے۔
عرق مصفیٰ خون
عناب پانچ تولہ، سر پھوکا پانچ تولہ، برادہ لکڑی شیشم پانچ تولہ، منڈی پانچ تولہ، مہندی کے پتے پانچ تولہ، بسائج پانچ تولہ، ہرڑ کالی پانچ تولہ، چرائیتہ دو تولہ، صندل سفید دو تولہ، صندل سرخ دو تولہ، الائچی بڑی دو تولہ، گاؤ زبان دو تولہ، عشبہ مغربی دس تولہ، پرسیاؤشاں دو تولہ، کاسنی دس تولہ، مکو خشک دس تولہ، سولہ سیر پانی میں رات کو بھگو کر رکھیں، صبح آٹھ سیر عرق نکالیں۔
خوراک تین تولہ ہمراہ شربت عناب دو تولہ استعمال کریں، بغیر شربت بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
معجون شاہترہ
چھلکا ہرڑ زرد، چھلکا ہرڑ کابلی، چھلکا بہیڑہ، آملہ سرپھوکہ کے پتے، ہرڑ زنگی ہر ایک ایک تولہ، شاہترہ دو تولہ، چرائیتہ، ملٹھی چھلی ہوئی ہر ایک سات ماشہ، بیج خشخاش نو ماشہ۔ تمام ادویہ کو کوٹ کر گھی گائے سے چکنا کر کے سہ گنا مصری کے ساتھ قوام کریں۔ خوراک ایک تولہ۔
فوائد: فساد خون، خارش، گرم مزاج والوں کو مفید ہے۔