صحت

آم کے جوس پینے سے جسم پر 8 حیرت انگیز اثرات مرتب ہوتے ہیں۔۔


آم ایسا پھل ہے جس کی تصویر دیکھ کر ہی منہ میں پانی آجاتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ اسے پاکستان سمیت مختلف ممالک میں پھلوں کا بادشاہ بھی قرار دیا جاتا ہے اور یہ رسیلا پھل متعدد اقسام میں دستیاب ہوتا ہے۔یہ پھل صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ہوتا ہے اور اسے کھانے سے متعدد غذائی اجزا جسم کو ملتے ہیں۔مگر کیا آموں کا جوس یا رس بھی صحت کے لیے مفید ہوتا ہے یا نہیں؟

اس کا جواب ہاں ہے اور اچھی بات یہ ہے کہ پھل کے ساتھ ساتھ اس کا جوس بھی میٹھا اور مزیدار ہوتا ہے۔

اس کے چند فوائد درج ذیل ہیں۔

غذائی اجزا سے بھرپور

آموں کے جوس میں متعدد وٹامنز اور منرلز جیسے وٹامن سی اور کیلشیئم موجود ہوتے ہیں جو صحت کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔آم میں موجود وٹامن سی مدافعتی نظام کو طاقتور بناتا ہے جبکہ جسم کو آئرن جذب کرنے میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ خلیات کی صحت کو بہتر بناتا ہے۔اسی طرح جسم کو پروٹین، کاربوہائیڈریٹس، فائبر، قدرتی مٹھاس، وٹامن سی، وٹامن بی 6، وٹامن اے، وٹامن ای، وٹامن K، کاپر، فولیٹ، پوٹاشیم، میگنیشم اور ریبوفلوین جیسے اجزا بھی ملتے ہیں۔

مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے

آمتوں کے جوس میں وٹامن سی کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے اور یہ وٹامن جسم میں ایک اینٹی آکسائیڈنٹ کے طور پر کام کرکے مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے۔وٹامن سی سے جسم میں خون کے سفید خلیات بننے کا عمل متحرک ہوتا ہے اور یہ خلیات عام موسمی امراض اور انفیکیشنز سے لڑنے میں مدافعتی نظام کی مدد کرتے ہیں۔اس میں موجود دیگر اجزا جیسے کاپر، فولیٹ، وٹامن ای اور بی وٹامنز کی مختلف اقسام سے بھی مدافعتی نظام مضبوط ہوتا ہے۔

نظام ہاضمہ کو بھی فائدہ ہوتا ہے

آموں کے جوس میں غذائی فائبر موجود ہوتا ہے اور یہ غذائی جز نظام ہاضمہ کے افعال کو بہتر بنانے کے لیے ضروری ہوتا ہے۔فائبر کے استعمال سے آنتوں کے افعال بہتر ہوتے ہیں جس سے قبض جیسے عام عارضے سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

جِلدی صحت بہتر ہوتی ہے

آموں کے جوس میں وٹامن سی موجود ہوتا ہے اور یہ وٹامن کولیگن بنانے کے لیے ضروری ہوتا ہے۔کولیگن ایک ایسا پروٹین ہے جو جِلد کی لچک برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہوتا ہے جبکہ یہ جھریوں کی روک تھام بھی کرتا ہے۔اس جوس کے استعمال سے جسمانی ورم بھی گھٹ جاتا ہے جبکہ سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعوں سے تحفظ ملتا ہے جس سے بھی جِلدی صحت بہتر ہوتی ہے۔

بینائی کے لیے مفید

آموں کے جوس میں وٹامن اے موجود ہوتا ہے اور یہ وٹامن بینائی کے لیے اہم ہوتا ہے۔اس وٹامن سے قرینے کو صاف رکھنے میں مدد ملتی ہے جبکہ کم روشنی میں دیکھنا آسان ہو جاتا ہے۔

دماغ کو بھی فائدہ ہوتا ہے

آموں کے جوس میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس سے دماغی خلیات کو تکسیدی تناؤ سے تحفظ ملتا ہے۔ماہرین کے مطابق تکسیدی تناؤ سے دماغی تنزلی اور مختلف دماغی امراض جیسے الزائمر کا خطرہ بڑھتا ہے۔

جسم کو ڈی ہائیڈریشن سے بچانا ممکن ہوتا ہے

آموں کا جوس تازہ دم کردینے والا مشروب ہے اور جسم میں پانی کی مناسب سطح برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔اس کے استعمال سے جسم میں سیال کا توازن برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے جو کہ گرم موسم کے منفی اثرات سے بچاؤ کے لیے ضروری ہوتا ہے۔

جسمانی توانائی بڑھتی ہے

سوملی لیٹر آموں کے جوس میں 11.7 گرام کاربوہائیڈریٹس موجود ہوتا ہے۔

کاربوہائیڈریٹس اور قدرتی شکر کی موجودگی کے باعث اسے پینے سے جسمانی توانائی میں فوری اضافہ ہوتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔