صحت

اشنہ بدہضمی‘ اسہال‘متلی اورمتعدد مسائل کے لیے استعمال ہونے والی جڑی بوٹی


چھڑیلہ جسے اشنہ بھی کہتے ہیں ایک خودرو جڑی بوٹی ہے جس کے بے شمار فوائد ہیں۔ چھڑیلہ کو مختلف امراض جیسے سر درد، جلد سے متعلق مسائل، بدہضمی، اسہال، متلی، پانی کی کمی، بھوک میں کمی، دل سے متعلق مسائل، دمہ، کھانسی اور بخار میں استعمال کرایا جاتا ہے۔

مختلف زبانوں میں نام
(Parmelia Perlata) لاطینی میں
 N.O.araliaceae خاندان
عربی میں اشنہ
فارسی میں دوالی یا دوالہ
ہندی میں چھیل چھیسلہ
بنگلہ میں شیلج
سندھی میں پریو
Lichen انگلش میں

ماہیت

ایک باریک پچیدہ خودرو بوٹی جو گرمی کے موسم میں پہاڑوں پر جہاں بہت بارش ہوتی ہے لگ بھگ چھ ہزار سے آٹھ ہزار فٹ پہاڑوں کے اوپر دیودار بلوط صنوبر اخروٹ کے درختوں اور چھوٹی بڑی چٹانوں پر کائی کی طرح کچھ گھاس نما سی پائی جاتی ہے۔ یہ اوپر سے سیاہ نیچے سے سفیدی مائل پیڑ کی شکل میں چمٹی ہوئی ہوتی ہے۔ تازہ میں خوشبو نہیں ہوتی لیکن جب خشک ہوجائے تو اس میں عنبر کی مانند تیز خوشبو پائی جاتی ہے۔
اس کی جڑ، شاخ، تنا، پھول اور تخم کچھ نہیں ہوتا۔ یہ بے ڈول پرت درختوں پر جمع ہوتے ہیں جو ہاتھوں سے آسانی کے ساتھ اتر آتے ہیں۔ مزہ پھیکا اور قدرے کڑوا ہوتا ہے۔
چھڑیلہ (اشنہ) جڑی بوٹی

مقام پیدائش

مری پاکستان کے علاوہ نیپال اور ہندوستان میں پائی جاتی ہے۔ نیز فارس جدہ بصرہ تک سمندروں اور دریاؤں کے کنارے پر بھی پائی جاتی ہے۔

مزاج

گرم خشک درجہ اول بعض کے نزدیک سرد خشک معتدل اس کے مزاج میں اطباء کا اختلاف ہے۔

چھڑیلہ کے فوائد اور استعمال

مقی و مفرح قلب مقوی معدہ مسکن درد قابض ومحلل۔

چھڑیلہ کے فوائد اور استعمال

چھڑیلہ کو اکثر مفرحات میں شامل کیاجاتا ہے۔

امراض قلب میں استعمال ہوتا ہے۔

تقویت معدہ و جگر میں کھلایا جاتا ہے۔

چھڑیلہ کو بطور سرمہ تقویت بصر کے لئے لگاتے ہیں۔

چھڑیلہ کا جوشاندہ پیشاب کو کھولتا اور پتھر ی کو خارج کرتا ہے۔

چشم کو تقویت دینے اور ڈھلکہ جیسے مرض کو زائل کرنے کیلئے کھرل کر کے آنکھ میں لگاتے ہیں۔

مقوی اور معدہ اور مدرحیض ہے۔ ریاح و اورام کو تحلیل کرتاہے۔

محافظ روح حیوانیہ ہے اس کا جوشاندہ پینے سے فرحت بخشتا ہے۔

چھڑیلہ کا بیرونی استعمال

ورموں کو تحلیل کرنے کیلئے ضماد لگایا جاتا ہے۔سردرد اور مرگی میں اس کا لخلخلہ اور لیپ مفید ہے۔

دردوں کے مریض کو اس کے جوشاندہ کا بھپارہ دیتے اورسنگھاتے ہیں۔

نفع خاص

 

مفرح اور مسکن درد۔

مضر

آمعاء کیلئے۔

مصلح

انیسوں۔

بدل

قرومانا۔

مقدارخوراک

3 سے 5 گرام۔

مشہور مرکب

دوالمسک معتدل۔ لبوب کبیر۔ مفرح یا قوتی۔