دلچسپ و عجیب

کیا آپ جانتے ہیں دنیا میں سب سے زیادہ بارشیں دنیا کے کون سے مقام پر ہوتی ہیں۔۔؟؟


مون سون کے موسم میں پاکستان بھر میں لوگ بے تابی سے بارش کا انتظار کرتے ہیں۔مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا کا وہ کونسا مقام ہے جہاں سال بھر میں سب سے زیادہ بارش ہوتی ہے؟

یہ جگہ امریکا یا یورپ میں موجود نہیں بلکہ ہم سے زیادہ دور نہیں۔جی ہاں واقعی بھارت کے ایک چھوٹے گاؤں ماوسینرام وہ مقام ہے جہاں سال بھر میں سب سے زیادہ بارش ہوتی ہے۔

ہر سال اس گاؤں میں اتنی بارش برستی ہے جس کا تصور دنیا کے کسی خطے میں نہیں کیا جاسکتا۔شمال مشرقی بھارتی ریاست میگھالیہ میں واقع اس گاؤں کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی موجود ہے۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے مطابق اس گاؤں میں ہر سال اوسطاً 11873 ملی میٹر بارش ہوتی ہے اور اس کی وجہ وہاں کا منفرد موسم ہے۔1985 میں وہاں ایک سال میں 26 ہزار ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔ماوسینرام نام کا مطلب سرد پتھروں کی سرزمین ہے جو وہاں کے سرد موسم اور چٹانوں کی وجہ سے رکھا گیا ہے۔یہاں بارشوں کا موسم اپریل سے اکتوبر تک ہوتا ہے اور ان مہینوں کے دوران تیز بارش کا سلسلہ مسلسل جاری رہتا ہے۔

جون 2022 میں وہاں ایک دن میں 1004 ملی میٹر بارش ہوگئی تھی جو بہت زیادہ ہے، مثال کے طور پر پولینڈ میں سال بھر میں 600 سے 700 ملی میٹر بارش ہوتی ہے۔اس سے ہٹ کر بھی سال بھر بارش جاری رہتی ہے مگر اس کی شدت بہت زیادہ نہیں ہوتی۔تو یہاں اتنی زیادہ بارش کیوں ہوتی ہے؟

اس گاؤں میں اتنی زیادہ بارش کی وجہ مخصوص جغرافیائی اور موسمیاتی حالات ہیں جو بہت زیادہ نمی والے موسم کا باعث بنتے ہیں۔یہ گاؤں چٹانوں سے گھرا ہوا ہے جو خلیج بنگال سے نکلنے والی مون سون کی ہواؤں کے لیے رکاوٹ کا کام کرتی ہیں۔جب مون سون کی نم ہوائیں جنوب سے وہاں پہنچتی ہیں تو یہاں کا محل وقوع انہیں برسنے پر مجبور کر دیتا ہے۔

تو لوگوں کی روزمرہ کی زندگی کیسی ہے؟

اس گاؤں میں زندگی بارش کے تسلسل کے ساتھ جاری رہتی ہے اور وہاں رہنے والوں نے منفرد موسمیاتی حالات کے مطابق زندہ رہنا سیکھ لیا ہے۔وہاں رہنے والے افراد بارش کے سیزن کے آغاز سے قبل تیاریاں کرتے ہیں، جیسے چھتوں کی مرمت کرتے ہیں، لکڑی جمع کرتے ہیں جسے ایندھن کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے اور خوراک کو جمع کرتے ہیں کیونکہ بارشوں کے دوران خریداری ممکن نہیں ہوتی۔

بارش کے لیے خصوصی کور بھی تیار کیے جاتے ہیں جو بانس، پلاسٹک شیٹ اور گھاس سے تیار ہوتے ہیں۔

یہ کچھوے کے خول جیسے کور ہوتے ہیں جو پورے جسم کو بارش سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

تیز بارشوں کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے وہاں رہنے والے افراد نے درختوں کی جڑوں سے پل تیار کیے ہیں جو وقت کے ساتھ مضبوط ہو جاتے ہیں۔

یہ پل نہ صرف لوگوں کو سخت موسمیاتی حالات سے تحفظ فراہم کرتے ہیں بلکہ ماحول دوست بھی ہوتے ہیں۔