دلچسپ و عجیب

دنیا کے کس ملک میں سورج سب سے پہلے طلوع ہوتا ہے۔۔؟؟


کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا کے کس ملک میں سورج سب سے پہلے طلوع ہوتا ہے؟کیا یہ جاپان ہے جسے ابھرتے سورج کی سرزمین کہا جاتا ہے یا نیوزی لینڈ؟

اس سوال کا جواب سادہ ہے کیونکہ ان دونوں ممالک کے وقت میں 3 گھنٹوں کا فرق ہے۔

یعنی جاپان کے مقابلے میں نیوزی لینڈ میں سورج پہلے طلوع ہوتا ہے۔

مگر دنیا میں سورج سب سے پہلے کس ملک میں طلوع ہوتا ہے، اس سوال کا جواب سادہ نہیں بلکہ ذہن گھما دینے والا ہے۔

اس سوال کا سادہ جواب تو یہ ہے کہ دنیا کے 3 ممالک ایسے ہیں جہاں سورج سب سے پہلے طلوع ہوتا ہے مگر اس کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ سال کا کونسا مہینہ چل رہا ہے۔

یہ ممالک ہیں نیوزی لینڈ، روس اور کیریباتی، جن کا جغرافیہ اس حوالے سے اہم کردار ادا کرتا ہے۔

کیریباتی

وسطی بحر اوقیانوس میں واقع یہ چھوٹا ملک متعدد جزائر پر مشتمل ہے جس کا کل زمینی رقبہ 726 مربع کلومیٹر ہے۔

یہاں کے کچھ حصوں میں سورج نیوزی لینڈ سے بھی پہلے طلوع ہوتا ہے۔

ویسے تو اس کا رقبہ کچھ زیادہ نہیں مگر حیران کن طور پر یہاں 4 ٹائم زون ہیں۔

کیریباتی میں کرتی ماتی انسانی آبادی والا وہ علاقہ ہے جہاں دنیا میں سب سے پہلے (مخصوص مہینوں میں) سورج طلوع ہوتا ہے، البتہ غیر آباد جزائر جیسے ملینیم آئی لینڈ میں سورج طلوع ہونے کا وقت اس سے بھی پہلے کا ہے۔

اس کو ایسے سمجھ سکتے ہیں جب پاکستان میں صبح کے 9 بجے ہوتے ہیں تو کرتی ماتی میں شام کے 6 بج رہے ہوتے ہیں۔

اس کے مقابلے میں کیریباتی کے دارالحکومت تاراوا میں اس وقت 4 بج رہے ہوتے ہیں۔

Chatham Island، نیوزی لینڈ

اس جزیرے کا ٹائم زون آک لینڈ سے مختلف ہے اور مخصوص مہینوں میں کرتی ماتی کے مقابلے میں دنیا میں سب سے پہلے سورج طلوع ہونے کا نظارہ یہاں ہوتا ہے۔

دوہزار اٹھارہ کی مردم شماری کے مطابق یہاں 663 افراد مختلف کاموں کی وجہ سے مقیم ہیں۔

روس

روس کے انتہائی مشرق میں واقع جزیرہ نما کامچاٹکا میں مخصوص مہینوں میں سب سے پہلے سورج طلوع ہوتا ہے۔

چونکہ یہ بلندی پر واقع علاقہ ہے تو موسم گرما میں یہاں سورج بہت جلد طلوع ہوتا ہے۔

اسی طرح روس کا ایک اور علاقہ یولین میں بھی مخصوص ایام میں سورج سب سے پہلے طلوع ہوتا ہے۔

کن مہینوں میں کونسے ملک میں سورج سب سے پہلے طلوع ہوتا ہے؟

اب آپ زیادہ آسانی سے سمجھ لیں گے کہ کونسے مہینوں میں دنیا میں سب سے پہلے سورج طلوع ہوتا ہے۔

کیریباتی (کرتی ماتی) میں پہلے 31 جنوری سے 15 مئی اور پھر 27 ستمبر سے 13 نومبر (مجموعی طور پر 153 دن) دنیا میں سب سے پہلے سورج طلوع ہوتا ہے۔

روس کے مختلف علاقوں میں 16 مئی سے 26 ستمبر (134 دن) سب سے پہلے سورج طلوع ہوتا ہے۔

نیوزی لینڈ (چتھم آئی لینڈ) میں 14 نومبر سے 30 جنوری تک دنیا میں سب سے پہلے سورج طلوع ہوتا ہے۔