پاکستان

فیصل آباد میں جعلی پیر نے نوجوان لڑکی کو اپنی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا ۔۔راولپنڈی میں سگے باپ نے اپنے ہی خاندان پر قیامت ڈھا دی


فیصل آباد میں مبینہ طور  پر جعلی پیر  نے مریدنی کی 16 سالہ بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔

پولیس کے مطابق چک جھمرہ کی رہائشی خاتون نے اپنی 16 سالہ بیٹی کو چار ماہ قبل اپنے پیر کے گھر اس کی خدمت اور کام کاج کے لیے بھجوایا تھا۔

ملزم لڑکی کو گھر میں قید رکھ کر  مبینہ طور پر  زیادتی کا نشانہ بناتا رہا، موقع ملنے پر متاثرہ لڑکی بھاگ کر والدین کے پاس پہنچ گئی۔

پولیس نے متاثرہ لڑکی کی والدہ کی درخواست پر تھانہ چک جھمرہ میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مفرور ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔

راولپنڈی کے علاقے ٹینچ بھاٹہ میں باپ نے دو بچیوں کو قتل اور بیوی کو زخمی کردیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق ریسکیو ٹیم نے طبی امداد کے بعد زخمی خاتون کو اسپتال منتقل کر دیا۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ گھریلو جھگڑے کے باعث پیش آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش کی جا رہی ہے، مقتول بچیوں کی والدہ کا بیان بھی ریکارڈ کیا جائے گا۔

سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران سے رپورٹ طلب کر لی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موقع سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، واقعے کی تمام زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔