ذیابیطس ٹائپ 2 متعدد امراض کا خطرہ بڑھانے والی بیماری ہے مگر اچھی خبر یہ ہے کہ آپ اپنی غذا میں ایک عام چیز کا اضافہ کرکے اس سے بچنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔
دودھ یا اس سے بنی مصنوعات جیسے پنیر یا دہی کا استعمال ذیابیطس ٹائپ 2 سے بچانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
یہ بات اٹلی میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ دودھ سے بنی مصنوعات بالخصوص کم چکنائی والی مصنوعات ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کرتی ہیں۔
اس کے مقابلے میں سرخ اور پراسیس گوشت کا زیادہ استعمال ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ بڑھاتا ہے۔
ذیابیطس ٹائپ 2 میں لبلبہ مناسب مقدار میں انسولین بنا نہیں پاتا جس کے باعث خون میں شکر یا شوگر کی مقدار بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے۔
موٹاپا ذیابیطس کا خطرہ بڑھانے والا بنیادی عنصر ہے اور اس بیماری کے باعث امراض قلب، گردوں کے امراض، بینائی سے محرومی اور دیگر طبی پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اٹلی کی نیپلز فیڈریکوٹو یونیورسٹی کی تحقیق میں مختلف غذاؤں کے استعمال اور ذیابیطس کے خطرے میں اضافے یا کمی کے تعلق کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق کے دوران سرخ گوشت، سفید گوشت، پراسیس گوشت، مچھلی، زیادہ چکنائی والا دودھ، کم چکنائی والا دودھ، پنیر، دہی اور انڈوں کے جسم پر مرتب اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ روزانہ 100 گرام سرخ گوشت یا 50 گرام پراسیس گوشت سے ذیابیطس سے متاثر ہونے کا خطرہ بالترتیب 20 اور 22 فیصد بڑھ جاتا ہے، جبکہ روزانہ 50 گرام سفید گوشت کھانے سے یہ خطرہ 4 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
اس کے مقابلے میں 200 گرام دودھ روزانہ پینے سے یہ خطرہ 10 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔
کم چکنائی والی دودھ کی مصنوعات کے استعمال سے اس خطرے میں 3 فیصد جبکہ دہی (100 گرام روزانہ) کھانے سے یہ خطرہ 6 فیصد تک کم ہوگیا۔
محققین نے بتایا کہ دودھ یا اس سے بنی مصنوعات میں متعدد غذائی اجزا، وٹامنز اور دیگر مرکبات موجود ہوتے ہیں جو گلوکوز میٹابولزم پر مثبت انداز سے اثر انداز ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پرو بائیوٹیکس سے بھی گلوکوز میٹابولزم پر فائدہ مند اثرات مرتب ہوتے ہیں، جس سے وضاحت ہوتی ہے کہ دہی کھانا معمول بنانے سے ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ کیوں کم ہوجاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ذیابیطس ٹائپ 2 کے اکثر مریض غذائی عادات کے باعث اس کا شکار ہوتے ہیں تو اس کا خطرہ کم یا زیادہ کرنے والی غذاؤں کے بارے میں جاننا اس کی روک تھام کے لیے اہم ثابت ہوسکتا ہے۔
محققین کے مطابق ہماری تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ دودھ یا اس سے بنی مصنوعات کا معتدل مقدار میں استعمال ذیابیطس ٹائپ 2 کا خطرہ کم کرتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے ڈائیابٹیزریسرچ اینڈ کلینیکل پریکٹس میں شائع ہوئے۔