درجہ حرارت میں اضافے کے باوجود بہت سے لوگ ابھی بھی نیم گرم پانی سے نہانے کو ترجیح دیتے ہیں۔ گرم پانی پٹھوں کے تناؤ کو کم کرتا ہے، خون کے بہاؤ کو بہتر بناتا ہے اور ایک پرسکون تجربہ دیتا ہے۔
تاہم این ڈی ٹی وی کے مطابق ٹھنڈے پانی سے نہانے کے زیادہ فوائد ہیں۔ موسم گرما میں ٹھنڈے پانی سے نہانے سے جہاں گرمی سے چھٹکارا ملتا ہے وہیں صحت کے حوالے سے مختلف فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔
ٹھنڈے پانی سے نہانے کو ٹھنڈے پانی کی تھراپی بھی کہا جاتا ہے۔ ذیل میں ٹھنڈے پانی سے نہانے کے فوائد بتائے گئے ہیں۔
1: خون کے بہاؤ میں بہتری
ٹھنڈا پانی آپ کی شریانوں کو سکڑنے میں مدد دیتا ہے جس سے خون کا بہاؤ بہتر ہوتا ہے۔ جب بعد میں آپ کا جسم گرم ہوتا ہے، تو خون کی نالیاں پھیل جاتی ہیں، جو بہتر خون کے بہاؤ کو فروغ دیتی ہیں اور آپ کے پورے جسم کو زیادہ آکسیجن ملتی ہے۔
2: قوت مدافعت میں اضافہ
باقاعدگی سے ٹھنڈے پانی سے نہانا وائٹ بلڈ سیلز کی پیداوار کو بڑھاتا ہے، جو آپ کے مدافعتی نظام کو انفیکشن اور بیماریوں کے خلاف لڑنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں آپ کے جسم کا قدرتی دفاعی نظام مضبوط ہوتا ہے اور آپ کو بیماریوں سے بچاتا ہے۔
3: توانائی کی سطح میں بہتری
ٹھنڈے پانی سے نہانا ٹھنڈے جسم اور دماغ کو متحرک کرتا ہے جس سے توانائی میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس سے موڈ بھی خوشگوار رہتا ہے۔
ٹھنڈے پانی سے نہانے سے بال بھی چمکدار اور صحت مند رہتے ہیں۔ (فائل فوٹو: دی مینئول)
4: جلد اور بالوں کی صحت میں بہتری
گرم پانی جلد کے قدرتی تیل کو ختم کر دیتا ہے، جو ممکنہ طور پر خشکی اور سوزش کا باعث بنتا ہے۔ دوسری طرف ٹھنڈا پانی آپ کی جلد کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ یہ جلد کو ٹائٹ بناتا ہے اور مہاسوں کے خطرے کو کم کرتا ہے۔
ٹھنڈے پانی سے نہانے سے بال بھی چمکدار اور صحت مند رہتے ہیں۔
5: سوزش کو کم کرتا ہے
دائمی سوزش نقصان دہ ہوسکتی ہے اور آپ کو دائمی بیماری کے خطرے میں ڈال سکتی ہے۔ ٹھنڈا پانی سوزش کو دور کرنے والا اثر رکھتا ہے جو درد کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتا ہے اور ورزش کے بعد ہونے والے درد کو بھی دور کرتا ہے۔