ایک نئی تحقیق میں چھٹی کے دن زیادہ دیر تک سونے کا ایک حیران کن فائدہ سامنے آیا ہے۔ زیادہ تر لوگ چھٹی والے دن زیادہ سونا پسند کرتے ہیں جس کے بارے میں جرنل آف ایفیکٹیو ڈس آرڈرز میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ چھٹی کے دن زیادہ دیر تک سونے والے افراد کا ڈپریشن جیسے مرض میں مبتلا ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہوجاتا ہے۔
چین کی سینٹرل ساو¿تھ یونیورسٹی میں اس تحقیق کے لیے تقریباََ 8 ہزار افراد کے ڈیٹا کا مطالعہ کیا گیا۔ان افراد سے حاصل کردہ ڈیٹا میں ڈپریشن کی علامات اور نیند کے بارے میں ایک سوال نامہ بھروایا گیا تھا۔اس تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ 50 فیصد کے قریب لوگ چھٹی کے دن معمول سے زیادہ وقت تک سونے کے عادی ہیں۔نتائج کے مطابق، چھٹی کے دن ایک یا 2 گھنٹے زیادہ سونے والے افراد کے ڈپریشن میں مبتلا ہونے کا خطرہ 46 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ عام دنوں میں 6 گھنٹے سے کم وقت تک سونے والے افراد کے ڈپریشن میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے مگر چھٹی کے دن زیادہ دیر تک سونے سے انہیں اس مسئلے سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔محققین نے بتایا کہ ڈپریشن سب سے عام دماغی عارضہ ہے اور دنیا بھر میں کروڑوں افراد اس سے متاثر ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ چھٹی کے دن 2 گھنٹے کی اضافی نیند دماغ کے لیے مفید ثابت ہوتی ہے اور ڈپریشن سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔