صحت

کیا انجکشن لگانے سے تربوز واقعی لال(سرخ) ہو جاتا ہے؟


حال ہی میں پاکستان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گویا ایک جنگ چھڑی ہے جس میں تربوز کو انجیکشن لگانے کے حوالے سے مختلف دعوے کیے جارہے ہیں۔گرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہرے چھلکے اور لال گودے والا یہ میٹھا اور رسیلا پھل بازاروں میں ہر جانب نظر آنے لگتا ہے جس کی تازگی اور ٹھنڈک کھانے والے کی روح تک کو سکون پہنچا دیتی ہے۔یہ پھل بے شمار طبی فوائد کا حامل ہے لیکن حال میں سوشل میڈیا پر ہونے والی بحث نے عوام کو الجھن میں ڈال دیا ہے۔


یہ پھل اس وقت متنازع بحث میں گھرا جب ہر معاملے پر رائے دینے کے لیے مشہور یوٹیوبر اور ڈاکٹر عفان نے اس پر ایک ویڈیو بنائی۔ویڈیو میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں تربوز کو انجیکشن لگایا جاتا ہے جس سے مختلف قسم کے امراض پھیلنے کا خطرہ ہوتا ہے۔افواہوں میں جس انجیکشن کی بات ہو رہی ہے، اس کا نام ایروتھروسین ہے جو ایک خاص قسم کا کھانے کے قابل رنگ ہے جو دنیا بھر میں مختلف خوراک کی چیزوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔
دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اسی فوڈ کلر کو انجیکشن میں ڈال کر تربوز کو لگایا کیا جاتا ہے‘ماہرین کے مطابق ہر ایک ملک میں خاص قسم کی فوڈ کلرز کی خوراک میں ایک خاص مقدار کی اجازت ہوتی ہے اور اس سے زیادہ استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ڈاکٹر عفان کی اس ویڈیو کے جواب میں بہت سے پھل فروشوں اور منڈیوں میں کام کرنے والے افراد نے جوابی ویڈیوز بنائیں جس میں بھاری مقدار میں تربوز منڈیوں میں لایا اور لے جاتا دکھائی دیا۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا اتنی بڑی مقدار میں کسی پھل کے ایک ایک دانے میں انجیکشن لگانا ممکن ہے؟
تاہم سوشل میڈیا صارفین نے بھی اس پر اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کام منڈیوں میں نہیں پلکہ پھل فروش انفرادی طور پر کرتے ہیں۔دوسری جانب کراچی یونیورسٹی کے فوڈ سائنس ڈپارٹمنٹ کے پروفیسر ڈاکٹر غفران سید نے کہا کہ ان کے سامنے ابھی تک تربوز میں انجیکشن کاکوئی کیس سامنے نہیں آیا۔


تربوز کو کس طرح چیک کیا جائے؟
البتہ انہوں نے تاکید کی کہ انجیکشن لگے تربوز کو آسانی سے معلوم کرنے میں تربوز کو تمام اطراف سے دیکھ کر اس میں اگر کوئی سراخ ہے، تو شبہ ہے کہ اس کو انجیکشن لگایا جاتا ہے۔ڈاکٹر غفران انجیکشن لگے تربوز کو پہنچانے کے بارے میں بتاتے ہیں کہ اچھے تربوز کی پہچان یہ بھی ہے کہ پکا ہوا تربوز ایک جگہ پر زرد رنگ کا ہوگا جبکہ پکے تربوز کو تھپکی لگانے سے گونج پیدا ہوگی۔سی حوالے سے گذشتہ سال انڈیا کی فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے ایک آگاہی ویڈیو جاری کی تھی جس میں دکھایا گیا ہے کہ تربوز کو کاٹ کر ٹشو پیپر لگایا جائے اور وہ لال ہوجائے تو سمجھ جائیں اس کو انجیکشن لگایا گیا ہے۔اسی طرح ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ اگر ٹشو صرف گیلا ہوگیا اور لال نہیں ہوا ہے تو یہ تربوز ٹھیک ہوگا اور ملاوٹ والا نہیں ہوگا۔