ہیلتھ ٹپس

صبح کی چہل قدمی کیوں ضروری ہے؟


چہل قدمی یادداشت اور علمی صلاحیتوں کو بھی بہتر بناتی ہے۔پیدل چلنا انسانی جسم کیلئے انتہائی مفید ہے، اسکی وجہ سے  انسان کا پورا جسم مکمل طور پر حرکت میں رہتا ہے اور انسان تندرست و توانا محسوس کرتا ہے۔صبح کی چہل قدمی روز مرہ کی بیماریوں جیسے ذیابیطس، تھائیرائیڈ کے مسائل اور ہائی بلڈ پریشر کی علامات کو روکنے یا کم کرنے میں انتہائی مؤثر ہے۔یہ ہائی ٹرائگلیسرائڈ کی سطح کو کنٹرول کرنے، دل کی بیماریوں، بلڈ شوگر لیول کو متوازن رکھنے میں مدد دیتی ہے۔

اگر آپ ذیابیطس کا  شکار ہیں تو ہر صبح 30 منٹ تک چہل قدمی بلڈ لیول کنٹرول کرنے میں مدد دیتی ہے۔چہل قدمی کرنے سے جسم میں گلوکوز زیادہ موثر طریقے سے استعمال ہوتا ہے۔چہل قدمی وزن کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، ورزش مجموعی طور پر آپ کے جسم کی چکنائی کو ختم کرسکتی ہے لیکن چہل قدمی آپ کے دل کی دھڑکن کو بڑھا کر آپ کے جسم  کو  بہتر بنانے میں مدد کرتی ہے۔ 30 منٹ سے ایک گھنٹہ طویل چہل قدمی ڈپریشن میں مبتلا افراد کیلئے فائدہ مند ہے کیونکہ یہ  دماغ میں آکسیجن اور خون کے بہاؤ کو بڑھا کر اسے متحرک رکھنے  اور یادداشت اور علمی صلاحیتوں کو بھی بہتر بناتی ہے۔امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کے مطابق روزانہ 30 منٹ تیز چہل قدمی دل کی بیماری اور فالج کے خطرے کو کم کر سکتی ہے۔ یہ ورزش بلڈ پریشر، ٹرائی گلیسرائیڈز اور خراب کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔

ہفتے میں چار سے پانچ بار روزانہ صبح آدھا گھنٹہ چہل قدمی فالج سے بچا سکتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت مسلسل چہل قدمی خون کی گردش کو بہتر بناتی ہے، جسم میں آکسیجن کی سپلائی بڑھاتی ہے اور قوت مدافعت بڑھاتی ہے۔چہل قدمی کی عادت نہ صرف صحت کے کئی مسائل سے بچنے میں مدد دیتی ہے بلکہ ذہنی تندرستی اور جسمانی تندرستی کو بھی بڑھاتی ہے، جس سے لمبی اور صحت مند زندگی میں مدد ملتی ہے۔