صحت

فالسہ‘ دکھنے میں چھوٹا لیکن غذائیت سے بھرپور گرمیوں کے لیے ایک لاجواب پھل


موسم گرما کی شدید گرمی ہمارے جسم میں پانی کی کمی باعث بنتی ہے اور ہمیں طبیعتاً سست بنادیتی ہے لیکن تازگی سے بھرپور مزیدار پھل کھانے سے گرمی سے نمٹنا آسان ہوجاتا ہے۔اسی طرح کا ایک پھل فالسہ بھی ہے جو دکھنے میں چھوٹا لیکن غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے۔ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ گرمی کے مہینوں میں فالسہ جسم کے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتا ہے، اس میں پانی کی زیادہ مقدار ڈی ہائیڈریشن سے بچانے میں حیرت انگیز طور پر مفید ہوتی ہے، جو آپ کو توانائی بخشتی ہے اور پانی کی کمی کو پورا کرتی ہے۔

ان خصوصیات کے علاوہ فالسہ غذائی اجزا کا پاور ہاؤس ہوتا ہے، یہ وٹامن سی اور دیگر ضروری منرلز سے بھرپور ہوتا ہے، یہ آپ کے مدافعتی نظام کو مضبوط کرتا ہے اور مجموعی صحت کو بہتر بناتا ہے۔

فالسہ اسے کھانے سے ہاضمہ بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے اور قبض سے بھی چھٹکارا ملتا ہے، مزید برآں فالسہ اینٹی آکسیڈنٹ ہوتا ہے، جو آپ کے جسم کو سوزش سے لڑنے میں مدد دیتا ہے۔

تحقیق سے پتا چلتا ہے کہ فالسہ ذیابیطس کے مریضوں کو بلڈ شوگر لیول کنٹرول کرنے میں ممکنہ طور پر مدد دے سکتا ہے، یہ ان لوگوں کے لیے مفید ہے جو بلڈ شوگر کنٹرول کرنے میں مدد کے لیے قدرتی طریقے تلاش کرتے ہیں، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

نہار منہ فالسہ کھانے کے فوائد

دن کی شروعات فالسے کے ساتھ کرنے سے کئی فوائد حاصل ہوتے ہیں:

فالسے جیسی غذائیت سے بھرپور غذائیں صبح کے وقت کھانا آپ کے جسم میں وٹامنز اور منرلز میں اضافہ کرتا ہے، جس سے بھرپور توانائی ملتی ہے۔

فالسے کا ایک پیالہ آپ کے جسم کو دن بھر کے لیے ٹھنڈا اور ہائیڈریٹ رکھتا ہے۔

صبح کے وقت فالسہ کھانا آپ کے نظام انہضام کو بہتر بناتا ہے اور میٹابولزم کو تیز کرتا ہے۔

علاوہ ازیں فالسہ کھانے سے آپ کے خون میں شگر لیول کو مستحکم رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ بےشک روزانہ فالسے کھائیں لیکن اعتدال کا دامن نہ چھوڑیں، ایک دن میں زیادہ سے زیادہ تقریباً 100-150 گرام فالسے کھانے چاہئیں، یہ تعداد فالسے کے فوائد سے لطف اندوز ہونے کے لیے کافی ہے۔