چالیس سال کی عمر کے بعد جسمانی افعال تیزی سے تنزلی کے شکار ہونے لگتے ہیں مگر ایک شخص خود کو ہمیشہ جوان رکھنے کے لیے ہر سال کروڑوں روپے خرچ کر رہا ہے۔برائن جانسن نامی 46 سالہ شخص ایک بائیو ٹیک کمپنی کا چیف ایگزیکٹو ہے جو اپنے جسم کو 18 سال کی عمر جیسا بنانا چاہتا ہے۔ایسا ممکن ہوتا ہے یا نہیں، یہ تو ابھی کہنا ممکن نہیں مگر برائن جانسن کا دعویٰ ہے کہ ان کی عمر میں اضافے کا عمل کسی حد تک سست ہوگیا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جسمانی عمر میں ہر سال محض 7.6 ماہ کا اضافہ ہوتا ہے یعنی ان کی سالگرہ اب 12 کی بجائے 19 ماہ بعد ہوتی ہے۔
انہوں نے ایک ایکس (ٹوئٹر) پوسٹ میں کہا کہ ‘میری سالگرہ اب ہر 19 ماہ بعد ہوتی ہے اور میرا مقصد عمر کی رفتار سست اور پھر ریورس کرنا ہے’۔
خیال رہے کہ برائن جانسن نے 2021 میں اس مقصد کے لیے ماہرین کی ایک ٹیم کے ساتھ پلیو پرنٹ نامی پراجیکٹ کا آغاز کیا تھا اور انہیں توقع ہے کہ عمر بڑھنے کے باوجود وہ اپنے اعضا اور صحت کو 18 سال کی عمر جیسا بناسکیں گے۔وہ 2021 سے ہر سال لاکھوں ڈالرز اس مقصد کے لیے خرچ کررہے ہیں جبکہ 2023 میں 20 لاکھ ڈالرز خرچ کیے۔ان کا دعویٰ ہے کہ وہ عمر کو ریورس کرنے کی کنجی کے قریب پہنچ چکے ہیں۔مئی 2023 میں ڈاکٹروں کے ٹیسٹوں سے معلوم ہوا کہ 45 سالہ برائن جانسن کے دل کی عمر 37 سال اور جِلد کی عمر 28 سال کے فرد جتنی ہوچکی ہے جبکہ پھیپھڑوں کی گنجائش 18 سالہ نوجوان جیسی ہوگئی ہے۔برائن جانسن صبح 5 بجے دن کا آغاز 2 درجن سپلیمنٹس سے کرتے ہیں جبکہ ان کی خوراک ٹھوس اور نرم غذاؤں پر مشتمل ہوتی ہے۔مجموعی طور پر دن بھر میں 1977 کیلوریز کا استعمال کرتے ہیں، روزانہ ورزش کرتے ہیں جبکہ ہفتے میں 3 بار سخت ورزشیں کرتے ہیں۔
ہر ماہ متعدد جسمانی ٹیسٹ بھی ہوتے ہیں۔انہوں نے اپنے جسم میں 17 سالہ بیٹے کا خون بھی منتقل کرایا تھا تاکہ جسمانی عمر میں اضافے کو روک سکیں۔
برائن جانسن کے مطابق ‘میں جو کچھ کررہا ہوں وہ انتہا پسندی محسوس ہوتا ہے مگر میں یہ ثابت کرنے کی کوشش کررہا ہوں کہ میرا خواب ممکن ہے’۔