صحت

اندرائن (کوڑتمہ)امراض جگر ‘ قبض اور دیگر بے شمار مسائل میں استعمال ہونے والی لاجواب جڑی بوٹی


اندرائن جسے عربی میں حنظل اور پنجابی میں کوڑتمہ کہتے ہیں خربوزے کی شکل کا ایک پھل جو دیکھنے میں خوبصورت اورذائقے میں بہت کڑواہوتا ہے۔ اندرائن کے خواص فوائد اور استعمال درج ذیل ہیں۔

 مختلف نام

اُردو: حنظل، اندرائن۔

ہندی: اندرائن کا پھل۔

پنجابی: تمہ، کوڑ تمہ۔

بنگالی: ندرائن، مکل۔

عربی: حنظل۔

مرہٹی: کور ڈونڈراون۔

سنسکرت: اندراواردنی، وشیالا۔

(colocynthis) لاطینی: کالوسن تھس

اندائن کی شناخت

ہندوستان، پاکستان، افریقہ، عرب وغیرہ میں ریتلی زمین پر ایک اپنے آپ پیدا ہونے والی بیل ہے جو عام طور پر برسات میں پیدا ہوتی ہے۔اس کی بیل بہت بھاری ہوتی ہے۔اس کے پتے کے پاس زرد رنگ کا پھول اگتا ہے۔پھول کے جھاڑ جانے کے بعد نیچے گول پھل لگتا ہے۔جو پہلے سبز اور بعد میں پختہ ہونے پر پیلا ہو جاتا ہے۔اس کی بیل جیسے جیسے بڑھتی ہے ہر ایک پتے کے نیچے جڑ پھوٹ کر کر زمین میں لگ جاتی ہے ہر ایک پتے میں پھول اور پھل لگتا ہے۔

اس کے پتوں کی بناوٹ تربوز کے پتوں کی طرح اور پھل نارنگی کے برابر ہوتا ہے۔اس کے تمام اجزاء سخت کڑوے ہوتے ہیں۔اس کے پھل کا گودا جسے طلب میں شحم حنظل کہتے ہیں، ہلکا اسفنجی ہوتا ہے اور یہی ادویات میں کام آتا ہے  جو پھول ساری بیل میں صرف ایک لگے وہ استعمال نہیں کرنا چاہیے جس کو  پھل لگے ہوئے ہو ں کیمیائی تجزیہ کے مطابق اس میں ایک جوہر تلخ حنظلین ذرات اور سفوف کی شکل میں پایا جاتا ہے۔ جو شدید جلاب لاتا ہے اس کے علاوہ کچھ رال دار مادے اور کسی قدر لعابی اور گوند دار اجزا ہوتے ہیں۔

اندرائن کا مزاج

حنظل کا مزاج گرم درجہ سوم اور خشک بدرجہ دوم، بعض اطباء کے نزدیک گرم وخشک درجہ سوم ہے۔

 اندرائن کے فوائد

اندرائن تھوڑی مقدار میں استعمال کرنے سے معدہ کو تقویت دیتی ہے  پیٹ کے کیڑے ہلاک کرتی اور بلغمی امراض میں مفید ہے۔ درد دندان اور دانتوں کے کیڑے مارنے کے لیے اندرائن کے پھل کی دھونی مفید ہے یا اس کی جڑ کی مسواک کرنا مفید ہے۔ اس کی جڑ کے جوشاندہ سے کلیاں کرنا مسوڑھوں کی پیپ میں فائدہ مند ہے زیادہ مقدار میں استعمال کرنے سے معدہ اور انتڑیوں میں خراش کے علاوہ زہریلہ اثر پیدا کرتی ہے اسے حاملہ عورتوں بچوں اور بواسیر، پیچش کے مریضوں کو استعمال نہیں کرانا چاہیے۔

مقدار خوراک

ایک ماشہ سے تین ماشہ تک۔ اس کے زہریلے اثرات کو دور کرنے کے لئے گوند کیکر، روغن بادام یا مغز پستہ کا کھلانا مفید ہے ۔ ہمارے تجربات کے مطابق مغزپستہ سے بہتر اور کوئی دوا نہیں ہے۔

مجربات اندرائن

سرمہ  پڑوال چشم: سرمہ کو اندرائن کے پھل میں داخل کرکے رکھ دیں جب وہ خشک ہو جائے تو نکال کر دوسرے پھل میں داخل کریں۔ اس طرح تین پھلوں میں سرمہ کو مدبر کرکے پانی صاف کرکے کھرل کر لیں یہ سرمہ بالوں کو اکھاڑ کر آنکھوں پر لگائیں دو چار مرتبہ کے عمل سے اس مرض کو آرام آجائے گا۔

کان کے کیڑے: تازہ اندرائن کا پانی نکال کر دو تین قطرے کان میں ڈالیں کان کے کیڑے مر جاتے ہیں۔

بہرہ پن: اندرائن کا رس اور تلوں کا تیل ہموزن کسی برتن میں اچھی طرح پکائیں جب پانی جل جائے اورصرف تیل رہ جائے تو ہر روز نیم گرم کرکے ایک دو قطرے کان میں  ڈالنے سے بہرہ پن دور ہو جاتا ہے۔

ہاضم اجوائن: اندرائن کے پھل میں نمک سانبھر اور ا جوائن بھر کر اس کا منہ بند کر کے دھوپ میں خشک کر لیں اس کے بعد نکال کر پیس لیں  یہ سفوف ایک دو ماشہ کھانے سے پیٹ درد  اپھارہ اور قبض وغیرہ امراض دور ہوجاتے ہیں۔

پیٹ کے کیڑے: گودا پھل اندرائن، بابڑنگ، نیم کے پتے، ہرڑ، سیاہ نمک، سیندھا برا بر وزن لے کر سفوف بنائیں اور تین سے پانچ ماہ تک صبح و شام گرم پانی سے دیں پیٹ کے کیڑے کو مارنے کے لئے نہایت ہی مفید ہے۔

تلی کا بڑھنا: اندرائن کے پھل کا سر کاٹ کر اس میں کھانے کا نمک باریک پسا ہوا دس تولہ بھر دیں اس کے بعد کٹا ہوا سرجوڑ کر تمام پھول پر آٹا لیپ کے تنور میں پکائیں جب آٹا خشک ہو جائے تو اتار کر حنظل( تمہ) کو پیس کر سفوف بنائیں یہ سفوف تین سے چار ماشہ تک صبح شام  مریض کو گرم پانی سے دیں چند ہی دنوں میں تلی اپنی اصلی جگہ پر آ جائے گی۔

سوءالقنیہ و استسقاء: اندرائن کے پھل کو گودے سے خالی کر کے اس کے چھلکے کی پیالی میں بکری کا دودھ بھر دیں یہ دودھ تمام رات رکھا رہے صبح دودھ میں چینی ملا کر پلائیں ہر دو امراض کےلئے نہایت ہی مفید ہے

بالوں کا سیاہ بنانا: ایک بڑے اندرائن میں سوراخ کر کے دانے نکال کر اس میں بیلے کے پھولوں کا تیل بھر دیں اور سوراخ کو اس ٹکڑے سے بند کر دیں اور گوندھا ہوا  آٹا  لگا  کر آگ سے پکائیں جب  جوش آجائے اور اندرائن کی رطوبت خشک ہو جائے تو اس تیل کو جدا کر لیں اور شیشی میں رکھ دیں اس کو بالوں پر لگاتے رہیں بال سیاہ ہوجائیں گے۔

بالوں کو سیاہ بنانا :بیج اندرائن، مال کنگنی ہر ایک ایک پاؤ , دونوں کو ملا کر مشین میں دبا کر تیل نکال لیں سفید بالوں پر لگاتے رہنے سے وہ سیاہ ہو جاتے ہیں۔

کمزوری چشم: ہلدی کی ایک گرہ اندرائن کے پھل میں شگاف دے کر اندر داخل کریں اور اسے سایہ میں رکھ دیں جب خشک ہو جائے تو دوسرے پھل میں یہی عمل کریں اسی طرح سات اندرائن میں شدھ ( مدبر) کریں پھر اس کے برابر وزن سرمہ سیاہ ملا کر پیس لیں یہ سرمہ آنکھوں کے تمام امراض اور کمزوری چشم کے لئے مفید ہے۔

مربہ اندرائن:  یہ پھل دیکھنے میں خوبصورت، ذائقہ میں پرلے درجے کا کڑوا  اس کا رس ذرا بھی ہاتھ سے لگائیں مگر جب تک دس بار  ہاتھ  صابن سے نہ دھویا جائے کڑواہٹ باقی رہے گی اس پر بھی ماہرین طب نے اس کی کڑواہٹ کو ختم کرکے مربع بنا کر کمال کر دیا ہے جو کہ پیٹ کی ہوا,  پیٹ درد,  بواسیر،  جوڑوں کے درد, بلغمی دمہ, تلی کے بڑھ جانے اور پیٹ میں پانی پڑ جانے کے لیے مفید ہے اس سے ایک دو اسہال ہو کر مرض دور ہو جاتا ہے انسانوں کے بادی کی بیماریوں کے علاوہ مویشیوں کو بھی دیا جاتا ہے۔

ترکیب تیاری: چونا دس تولہ پانچ سیر پانی میں ڈال دیں اس میں حنظل (تمہ )چھلکا اتار کر چار برابر ٹکڑے کرکے ڈال دیں اور تین چار دن پڑا رہنے دیں البتہ دن میں ایک دو بار لکڑی سے ہلا دیا کریں اور چوتھے روز حنظل کے ٹکڑے نکال کر انہیں عام سادہ پانی سے اس قدر بار بار دھوئیں کہ  چونا نکل جائے اس کے بعد اس کا ذائقہ دیکھیں اگر کڑواہٹ ہو تو  دوبارہ پھر چونے کے پانی میں ایک دو دن تک رکھ کر پھر صاف پانی سے دھو کر کام میں لائیں لیکن یہ خیال رہے کہ چونا اس میں نہ رہے اس کے بعد خشک کرکے وزن کر لیں اور برابر چینی ملا کے مربہ کا قوام بنائیں جب مربہ کا قوام تیار ہو جائے تو حنظل ڈال کر اور تیار ہونے پر اتار لیں اور مرتبان میں ڈال کر استعمال میں لائیں خوراک بقدر برداشت استعمال کریں۔

مطبوخ اندرائن: چھال درخت نیم، چھال درخت کچنال، جڑ اندرائن، پھلی کیکر( جس میں بیج نہ پڑا ہو) کٹائی خورد  اور برگ وبیخ (کنڈیاری چھوٹی پتوں و جڑ کے ساتھ )گڑ پرانا ہر ایک دس تولہ سب کو تین سیر پانی میں جوش دیں جب چہارم رہ جائے تو صاف کر کے بوتل میں محفوظ رکھیں اس میں روزانہ سات تولہ لے کر سات دن پلائیں اس سے روزانہ دو  چار دست آ کر معدہ کےمرض کا تنقیہ ہو جاتا ہے نیز بوتل کے منہ پر تیل چنبیلی ,سپرٹ وغیرہ کا چھلکا لگا دیں تاکہ خراب ہونے سے محفوظ رہے۔

غذا بغیر نمک کے بیسنی روٹی، چنے کی دال، چاول، گھی گائے سے  چرب کرکے کھلائیں۔ جزام و زہریلے زخموں کے لیے مفید ہے۔

اندرائن بوٹی سے کشتہ شنگرف: شنگرف رومی ایک تولہ کی ڈلی لے کر اندرائن کے پختہ پھل میں شگاف دے کر داخل کریں اس کو کپڑوٹی کر کے پاچک دشتی کے انگاروں میں رکھ کر پکائیں تاکہ پانی خشک ہو جائے اس کے بعد شنگرف کی ڈلی کو دوسرے حنظل کےپھل میں داخل کریں اور عمل بدستور کریں اس مقصد کے لیے دوسرا حنظل پختہ پہلے سے موجود ہونا چاہیے تاکہ شنگرف کو پہلے حنظل سے نکال کر دوسرے میں داخل کر دیا جائے۔اس طرح ایک سو عدد اندرائن کے پھلوں میں پکائیں اس کے بعد نکال کر پیس لیں اور اس میں  مصطلگی رومی چھ ماشہ،طباشیر اصلی چھ ماشہ،  دانہ الائچی خورد تین ماشہ باریک پیس کر ملائیں اور شیشی میں محفوظ رکھیں۔ خوراک 4/1رتی سے2/1 رتی تک۔ یہ کشتہ مقوی ہے بھوک لگاتا ہے امراض باردہ، فالج، لقوہ اور جوڑوں کے درد کے لئے مفید ہے اس کے کھانے سے دودھ اور گھی خوب ہضم ہوتا ہے کمزوری کے لئے اس سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں ہے۔

اندرائن کی اجوائن: اس گھریلو نسخہ کو نہایت درجہ شہرت حاصل ہے۔ جن علاقوں میں حنظل بکثرت پیدا ہوتے ہیں وہاں کے سمجھدار لوگ اسے ہر وقت تیار رکھتے ہیں اور وقت پر اس کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ اس کو تیار کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ زرد رنگ کے پختہ اندرائن کے پھل میں اٹھنی کے برابر ٹکڑہ کاٹ کر اجوائن دیسی بھر دیں پھر اس کاٹے ہوئے ٹکڑے کو اپنی جگہ پر رکھ کر حنظل سایہ میں رکھ دیں جب خشک ہو جائے تو اسے توڑ کر گودا معہ اجوائن سنبھال لیں۔ حنظل کا چھلکا اور بیج پھینک دیں بعدازاں گودا اور اجوائن کے مرکب کو باریک کرکے قدرے نمک شامل کر لیں۔ بس اعلی اندرائن کی اجوائن تیار ہے ہم نے خود اپنے دواخانہ میں ذیل کی ترکیب سے تیار کی ہے۔

زرد رنگ کے پختہ اندرائن کا پھل لے کر اس کا گودا (بغیر بیج کے) ایک پاؤ، اجوائن دیسی پانچ تولہ، سونچل نمک ایک تولہ، تینوں چیزوں کو ایک عمدہ تام چینی یا شیشہ یا مٹی کے کھلے برتن میں ڈال کر رکھ دیں ہر روز دن میں تین بار ہلا دیا کریں جب یہ بالکل خشک ہو جائے تو پیس کر سنبھال لیں اندرائن کی اعلی اجوائن تیار ہے بوقت ضرورت دو تین ماشہ کی مقدار میں ہمراہ گرم پانی دیں۔ درد پیٹ، دائمی قبض، اپھارہ اور بدہضمی کے لیے مفید اور مجرب دوا ہے یہ ہمارے مطب کا پوشیدہ راز ہے جو ناظرین پر ظاہر کردیا ہے ضرور بنائیں اور دعائے خیر سے یاد فرمائیں۔

اندرائن بوٹی پر مندرجہ بالا شری ہر ی چند ملتانی ایڈیٹرز  جوگی پانی پت کے تھے اب دوسرے اطباء کے مجربات مندرجہ ذیل ہیں۔

ضعف جگر کا علاج: حنظل پختہ ایک عدد، نوشادر قلمی تین تولہ، حنظل کو چیر کر کر نوشا در ملا لیں اور کسی برتن میں ڈال کر دھوپ میں رکھیں تین روز کے بعد پانی نچوڑ لیں اور محفوظ رکھیں۔

مقدار خوراک: چھ بوند ہمراہ شربت دینار۔ ضعف جگر کا ورم جگر کے لیے مفید ثابت ہوگا۔

دوائے دمہ: حنظل بارہ سیر پختہ، سونف نصف سیر۔ حنظل کے ٹکڑے کر لیں۔ کوئی چوڑے منہ کا گھڑا لے کر حنظل نیچے ڈال دیں اور سونف کو کسی کپڑے میں باندھ کر اوپر رکھ دیں اور باقی حنظل اوپر ڈالیں ۔ گھڑے کامنہ چکنی مٹی سے مضبوطی کے ساتھ گل حکمت کر دیں  اور ایک من اوپلوں  کی آگ دیں۔ سرد ہونے پر نکال لیں۔ باریک کرکے محفوظ رکھیں بوقت ضرورت تین رتی صبح اور تین رتی شام ہمراہ پانی دیں دودھ کا استعمال معمول سے زیادہ کریں ترش اشیاء سے پرہیز لازمی ہے۔

برائے قبض مزمن: اجوائن چہار ہر ایک ایک تولہ باریک پیس کر ایک بڑے حنظل میں ڈال دیں اور اس طرح سکو راہ میں ڈال دیں اور اس کے اوپر ترپھلا تین تولہ، ہلیلہ سیاہ ایک تولہ، باریک کرکے ڈال دیں سات روز بعد نکال کر پانچ تولہ نمک سیاہ شامل کر کے حبوب نخودی تیار کریں  بوقت ضرورت کام میں لائیں۔ ریح، بائی، بادی، پیٹ درد، اپھارہ اور قبض من کے لیے مفید ہے۔

زہریلے زخموں کا مکمل علاج: گودا حنظل ایک تولہ، امر بیل ایک تولہ، ہلیلہ سیاہ ایک تولہ، شہد خالص تین تولہ، سب کو کھرل کرکے نخودی گولیاں تیار کریں۔

مریض کو پہلے نرم غذا مثلا دلیہ، کھچڑی وغیرہ استعمال کرائیں دوگھنٹے بعد تین سے پانچ گولی ہمراہ پانی استعمال کرائیں۔ اجابت کے بعد چاول ہمراہ شوربا مرغ استعمال کرائیں۔ لا جونتی کی جڑ کا چھلکا حقہ میں ڈال کر اوپر کیکرکی آگ رکھ کر حقہ پلائیں-چلم ختم ہونے سے پہلے زہریلے زخم ختم ہو جائیں گے تجربہ کر کے دیکھیں کامیاب ثابت ہوگا۔ (حکیم محمد جعفر صاحب)۔

اندرائن بوٹی کے مجربات

درد کان: ایک حنظل کو روغن ناریل ایک سیر میں پکا کر تیل صاف کر لیں یہ تیل درد کان میں ایک ایک قطرہ استعمال کریں۔

جوڑوں کا درد: اندرائن کے پانی کو برابر تیل میں پکائیں اور چھان لیں جوڑوں کے درد کے لیے یہ تیل فائدہ مند ہے نیم گرم مالِش کریں۔

سوجن: سوجن کے لیے جڑ حنظل سرکہ کے ہمراہ پیس کر لگائیں سوجن جاتی رہے گی۔

تلی کا بڑھ جانا: گوداحنظل کا سفوف بنا ئیں اور برابر شہد ملاکر حبوب بقدر نخود تیار کریں یہ گولیاں جوڑوں کے درد، کھانسی، یرقان اور تلی کے درد کے لیے مفید ہیں خوراک ایک سے دو گولی ہمراہ پانی استعمال کریں۔

بال سیاہ کرنا: حنظل کی جڑ کا سفوف آدھا ماشہ ہمراہ شیر گاؤ متواتر کھاتے رہنا اور بالوں میں اس کے بیجوں کا تیل لگانے سے بال سیاہ ھو جاتے ھیں۔

دانتوں کے کیڑے: اس کی جڑ بطور مسواک استعمال کرنے سے دانتوں کے کیڑے اور دیگر عوارض دندان رفع ہو جاتے ہیں۔

امراض معدہ: اندرائن کا پھل کاٹ کر اس میں اجوائن بھر دیں خشک ہونے پر اس میں لاہوری نمک ملا دیں یہ سفوف ایک ماشہ بعد از غذا ہمراہ گرم پانی دیں. غذا کا ہضم نہ ہونا، قبض، ہاضمہ کی خرابی، بھوک نہ لگنا اور معدہ کی کمزوری ری کو رفع کرتا۔

دیگر: حنظل لے کر اس میں سوراخ کرکے فلفل سیاہ بھر کر اچھی طرح گل حکمت کریں اور تنورمیں رکھ دیں۔ سرخ ہونے پر نکال لیں مر چوں کا سفوف ہاضم آدھا ماشہ ہمراہ گرم پانی دیں۔ یہ دوا بلغمی امراض قبض، ریح، بھوک نہ لگنا، غذا کا ہضم نہ ہونا اور دیگر عوارض معدہ میں مفید ہے۔