ادرک ایک پودے کی جڑ ہے ۔ زما نئہ قدیم سے کھانا پکانے اور ادویات میں ادرک کا استعمال چلا آرہا ہے۔ یہ کھانوں کا ذائقہ بڑھاتی ہے ۔ یہ مختلف امراض مثلاً پیٹ کا درد ، وزن کم کرنے، عمل انہضام میں مدد، فلو ، عام نزلہ، کینسر، دماغی امراض ، بلڈپریشر ، سوزش ، فیٹی جگر کی بیماری، انسداد متلی وغیرہ کا ایک بہت مقبول اور گھریلو علاج بھی ہے۔ غرض یہ کہ ادرک کے بیش بہا فوائد ہیں ۔ صدیوں سے چینی اور ہندوستانی اطباء، اسے بطور علاج اور ادویات استعمال کرتے رہے ہیں ۔
ادرک کے پود ے کی لمبائی یا اونچا ئی ایک سے ڈھائی فٹ تک ہوتی ہے ۔ اس میں پھول بھی پیدا ہوتے ہیں اور پتے بھی ، لیکن اس کا قابل استعمال حصہ اس کی جڑ ہے ۔ تازہ ادرک کا رنگ پیلا زردی مائل اور خشک ادرک کا رنگ سفیدی مائل ہوتا ہے ۔ تازہ ادرک کو سکھا کر ہی سونٹھ بنائی جاتی ہے ۔
غذائی اجذاء
کیلشیم ، میگنیشیم فاسفورس ، آئرن ، کیروٹین ،تھایا مین ، وٹامن ، پروٹین ، کاربوہائیدریٹس ، اینٹی آکسیڈینٹس اور چکنائی وغیرہ اس کے غذائی اجذاء ہیں ۔ ادرک کے بیش بہا فوائد کی وجہ سے اس کا استعمال قدیم زمانے سے اطباء اپنی ادویات میں کرتے رہے ہیں ۔اس کے چند فوائد مندرجہ ذیل ہیں ۔
نظام انہضام
یہ ہاضمے کو درست رکھ کر کھانا جلد ہضم ہونے میں مدد دیتی ہے ، اور نظام انہضام کو مضبوط بھی کرتی ہے ۔ جسم میں رکے ہوئے مضر فضلات یا مائعات کوپسینے کے ذریعے خارج کر کے جسما نی تندرستگی کو برقرار رکھنے میں مدد کرتی ہے ۔ بدہضمی کی شکایت کو بھی دور کرتی ہے ۔ اس کے علاوہ یہ پیٹ میں درد، معدے میں بھاری پن محسوس ہونا یا پیٹ بہت زیادہ بھرا ہوا محسوس ہونا ، ڈکار یں آنا ،متلی اور اپھارہ کی تکالیف کو بھی دور کرتی ہے ۔
ادرک میں موجود انزائمز ہاضمے کے عمل کے دوران غذائی کیمکل سے آنتوں کی نالی میں بننے والی گیسوں کو توڑ کر جسم سے خارج کرنے میں مدد کرتےہیں ۔ چونکہ یہ ہاضمے کی قوت میں اضافہ کرتی ہے اس لئے پیٹ کے اکثر امراض میں اکسیر کی حیثیت رکھتی ہے ۔ گیس کے مرض میں مبتلاء افراد کےلئے بھی ادرک کا استعمال مؤثر علاج ہے ۔
متلی میں مؤثر
ادرک متلی یا الٹی کو روکنے میں مؤثر ہے اور ان کا علاج ہے ۔ ادرک میں موجود انزائمز صحت بخش خصوصیات کےحامل ہوتے ہیں ۔ معدے کے السر میں بھی سود مند ثابت ہوتے ہیں ۔
وزن میں کمی کے لئے مفید
ادرک وزن کم کرنے میں بھی معاون ہے ۔ ایک تحقیقی جائزے کے مطابق ادرک کی اضافی خوراک کے استعمال سے وزن یا موٹاپے والے لوگوں میں جسمانی وزن میں نمایاں طور پر کمی واقع ہوئی ہے ۔
اوسٹیوآرتھرائٹس کے لئے مفید
ادرک انسداد سوزش خصوصیات کی حامل ہوتی ہے اس لئے یہ اوسٹیو ارتھرائٹس کی وجہ سے ہونے والی سوزش کے علاج کے لیے یعنی جوڑوں کی اکڑن یا درد میں بھی ادرک بہت مفید ثابت ہوئی ہے ۔ ادرک اوسٹیو ارتھرائٹس یا گٹھیا کی علامات کو کم کرنے میں مدد کر سکتی ہے، خاص طور پر گھٹنے کی اوسٹیو
ارتھرائٹس کے مرض میں یہ انتہائی مفید ثابت ہوئی ہے ۔
ذیابطیس میں مفید
تحقیق کے مطابق ادرک اینٹی ذیابیطس خصوصیات بھی رکھتی ہے ۔ اس لئے یہ ذیابطیس کے مرض کو بھی کنٹرول کرتی ہے ۔
ادرک اپنے قیمتی اینٹی آکسیڈینٹس اجذاء کی وجہ سے بلڈ شگر کی سطح میں کمی کر سکتی ہے اور دل کی بیماری کے خطرے کو بھی کم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے ۔
خراب کولیسٹرول کی سطح میں کمی
ادر ک جسم میں سے خراب کولیسٹرول (ایل ڈی ایل ) کی سطح میں کمی کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے ۔ جو دل کے عوارض کا سبب بنتا ہے ۔ اس کے علاوہ ادرک جسم میں اچھے کولیسٹرول ( ایچ ڈی ایل ) میں اضافہ کرتی ہے ۔ جو جسمانی صحت کےلئے انتہائی ضروری ہے ۔
. کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں معاون
ادرک اینٹی آکسیڈنٹس کا بہترین ذریعہ ہے، اور اس میں شامل اینٹی آکسیڈینٹس اجذاء اینٹی سوزش ہوتے ہیں ۔ تحقیق سے یہ بھی ثابت ہے کہ اس وجہ سے ادرک مختلف قسم کے آکسیڈیٹیو تناؤ کو کم کر سکتی ہے۔اس لئے یہ مختلف اقسام کے کینسر جیسے گیسٹرک کینسر ،معدے ، لبلبے ، آنتوں اور جگر وغیرہ کے کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔ لیکن ابھی اس پر ابھی مذید تحقیق کی ضرورت ہے ۔
. انفیکشن میں مفید
ادرک بیش بہا قیمتی اجذاء پر مشتمل ہوتی ہے۔ اس لئے اس میں بیکٹیریل اور فنگل انفیکشن کے خلاف کام کرنےکی صلاحیت بھی زیادہ ہوتی ہے ۔ اور فنگس اور بیکٹریل انفیکشن سے لڑنے میں مدد کرسکتی ہے ۔ گلے کی خراش کے علاج میں بھی مفید ہے۔
اعصابی افعال کی حفاظت
ادرک دماغ کی صحت کےلئے بھی مفید ہے اور دماغ کے افعال کو بہتر بنانے میں مدد کرتی ہے ۔ بڑھتی عمر میں ہونے والے دماغی عوارض کے علاج میں مؤثر ثابت ہوئی ہے کیوں کہ یہ ایسے اجذاء پر مشتمل ہوتی ہے جو جسم اور دماغ کی صحت کےلئے انتہائی سود مند ثابت ہوتے ہیں ۔ اس لئے یہ ذہنی دباؤاور دماغی امراض میں بھی مفید ہے۔ ادرک کی دلفریب خوشبو ہی دماغ کو سکون اور راحت پہنچاتی ہے۔
ہائی بلڈ پریشر میں کمی
ادرک ہائی بلڈ پریشر کو کم کرنے میں مدد کر سکتی ہے، جو دل کی بیماری اور فالج کا خطرہ بنتا ہے۔
مضبوط مدافعتی نظام
زکام یا فلو سے صحت یاب ہونے میں ادرک کا استعمال بھی مفید ہے ۔ اور یہ فلو اور سردی میں ، قدرتی دوا کے طور پر اس کا استعمال کیا جاتا ہے یہ نظام تنفس کے لئے بھی مفید ہے اور یہ مدافعاتی نظام کے لئے بھی مؤثر ہے ۔ تاہم اس پر بھی ابھی تحقیق کی ضرورت ہے ۔ کھانسی میں بھی مفید علاج ثابت ہوئی ہے ۔
تازہ ادرک یعنی قدرتی ادرک کا استعمال اعتدال اور معمول کے مطابق انتہائی مفید ہے اور اس کے بیش بہا فوائد بھی ہیں۔ لیکن اس کی ادویات یا سپلیمنٹس کے استعمال سےاس کے مضر اثرات ہو سکتے ہیں ۔ان سے صحت سے متعلق کئی قسم کی پیچیدگیاں بھی پیدا ہو سکتی ہیں ۔