خصوصی فیچرز

مسواک: سنت بھی علاج بھی


یوں تو نبی آخر الزماں ﷺ کی ساری باتیں پیاری ہیں ،ساری کی ساری سنتیں دنیا و آخرت کے لیے فلاح و کامیابی کی ضامن ہیں ۔مسواک کے عمل کو نبی پاک ﷺ نے نہ صرف خود اپنا معمول بنایا بلکہ ہر نماز سے پہلے دوران وضو اس کے استعمال کی تلقین بھی فرمائی۔ مسواک  کے بارے میں کم و بیش چالیس احادیث مبارکہ ملتی ہیں۔آنحضور ﷺ کی ایک حدیث شریف ہے کہ جبرائیل ؑ جب بھی میرے پاس تشریف لاتے مجھے مسواک کرنے کے لیے ضرور کہتے  یہاں تک کہ مجھے لگتا کہ کہیں میں مسواک کی زیادتی سے اپنے منہ کا اگلا حصہ چھیل نہ لوں۔ایک اور جگہ روایت ہے کہ جب تم وضو کر کے نماز پڑھنے کے لیے جاتے ہو تو نیک اعمال لکھنے والا فرشتہ مسجد سے گھر تک تمہارے ساتھ چلتا ہے اور تمہارے منہ کی خوشبو سونگھتا ہے۔مسواک7000 سال سے اپنے طبی فوائد  کے حوالے سے جانی اور مانی جاتی ہے ۔ جدید تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ انسانی وجود میں سب سے زیادہ جراثیم منہ میں پائے جاتے ہیں۔ مسواک منہ میں موجود جراثیموں کا خاتمہ کرتی ہے جس سے نا صرف منہ صاف رہتا ہے بلکہ بدبو سے پاک بھی رہتا ہے۔یہ ٹوتھ برش کا بہترین متبادل ہے۔ مسواک ایک سستی ، باآسانی دستیاب ہو جانے والی اور بہترین طبی خواص کی حامل ہونے کے ساتھ ساتھ طب نبوی ﷺ میں ایک واضح مقام رکھتی ہے۔ اس کا استعمال عرب ، افریقہ ، برصغیر پاک و ہند وسطی ایشیا اور جنوبی ایشیا میں کیا جاتا ہے۔ ملائشیا میں مسواک کو کایو سوگی یعنی چبانے والی چھڑی کے نام سے جانتے ہیں۔


ورلڈہیلتھ آرگنائیزیشن نے 1986 میں دنیا بھر کے لوگوں کو مسواک کے استعمال کی ہدایت کی جبکہ سن 2000 عیسوی میں منہ کی اندرونی صحت پر کی جانے والی ایک تحقیقی رپورٹ نے یہ ثابت کر دیا کہ مسواک کے طبی فوائد پر ابھی مزید تحقیق کی ضرورت باقی ہے۔ اور مزید تحقیق سے جو نتائج سامنے آئے ان سے یہ بات واضح ہو گئی کہ جن لوگوں نے مسواک استعمال کی تھی ان کی صحت ان لوگوں سے بہتر تھی جو ٹوتھ برش استعمال کرتے تھے ۔ 2016 سن عیسوی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں یہ بات ثابت کی گئی کہ اگر موقع واردات پر استعمال شدہ مسواک  ملے تو ڈی این اے کی ایک بہترین اور باآسانی قابل شناخت مقدار اس میں سے حاصل کی جا سکتی ہے۔ دور جدید میں مسواک کو ہمہ وقت اپنے ساتھ رکھنے کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے اس کے لیے پلاسٹک کیس بنا دیے گئے ہیں ۔ یہ پلاسٹک کیس مسواک کو ساتھ رکھنے میں مدد تو کرتے ہی ہیں بلکہ مسواک کی تازگی کو زیادہ دیر تک برقرار رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں اور میڈیکل سٹوروں پر دستیاب ہیں۔


مسواک کا استعمال  کرنے والے لوگ منہ ، گلے اور نظام انہضام کی بیماریوں سے ٹوتھ برش کا استعمال کرنے والوں کی نسبت زیادہ محفوظ رہتے ہیں ۔روزانہ پانچ بار دوران وضو مسواک سے دانت صاف کرنے والے اپنے صاف چمکدار دانتوں کی وجہ سے مسکراتے وقت پر اعتماد رہتے ہیں۔