صحت

ایلو جڑی بوٹی کے خواص‘ فوائد اور استعمال


مختلف نام:

مشہور ایلوا۔ عربی مصّبر۔ مراٹھی کالابول۔ گجراتی ایلیو۔ بنگالی کھرت کماری ، مصّبر۔ہندی ایلوا۔ سنسکرت، سندھی ایریو۔ فارسی صبر۔ انگریزی ایلوز۔ جس کے بے شمار فوائد  ہیں

شناخت:

یہ ایک قسم کا اشارہ ہے جوگھیکوار( کنوار گندل بوٹی) کے پتوں کے رس  بنایا جاتا ہے۔ گھیکوار( کنوار گندل) جو ایلواجزیرہ سقوطرہ اور زنجبار سے آتا ہے۔ وہ صبر سقوطری کے نام سے ملتا ہے۔ اس کا رنگ لگ بھگ کالا ہوتا ہے۔ اس کی ڈالیاں چکنی اور شیشہ کی مانند  شفاف ہوتی ہیں۔ ذائقہ سخت کڑوا اور جی متلا دینے والا ہوتا ہے۔

 مزاج:

گرم و خشک بدرجہ دوم۔

مقدار خوراک:

ایک سے دو رتی۔

فوائد:

قبض کشا ہے، دست لاتا ہے، پیٹ کے کیڑوں کو مارتا ہے،  زنانہ ایام کھولتا ہے، ریاح کو تحلیل کرتا ہے، تیزجلاب ہے۔

ایلوا  بنانے کی ترکیب:

گھیکوار کے پتوں کے رس سےایلوا  بنایا جاتا ہے۔یہ گھیکوار پتوں کے رس کو سکھا لینے سے بنتا ہے جو پیلا پن اور لالی لیے ہوئے کالے رنگ کی چمک دار ڈلیاں ہوتی ہیں۔ پانی میں ڈالنے سے  پانی کا رنگ پیلا ہو جاتا ہے۔

گھیکوارکے رس کو پتھر کے برتن میں اکٹھا کر کے سکھالیں، یہی اصلی مصّبرہے۔ دوسرا طریقہ گھیکوار کےرس ایک پتھر کے برتن میں ڈال کر نرم آگ پر رکھ دیں۔ جب گاڑھا ہوجائے تو دھوپ میں سکھا لیں۔

 پتوں کا رس اکٹھا کرنے کی ترکیب:

ایک مٹی کی ہانڈی کے پیندے میں کچھ سوراخ کر کے اس میں گھیکوار کے پتوں کے ٹکڑے ٹکڑے کرکے چھیل کر بھر دیتے ہیں اور اس ہانڈی کو ایک دوسری چوڑے منہ والی ہانڈی پر رکھ دیتے ہیں۔ تاکہ سورا خوں  کے راستے گھیکوار کا رس  نکل کر نیچےکی  ہانڈی میں گرتارہے۔ کبھی کبھی اوپر والئ ہانڈی میں لکڑی ڈال کر ہلاکرگھیکوار کے ٹکڑوں کو الٹ پلٹ کر دیتے ہیں تاکہ پتوں کا سارا رس نیچے کی ہنڈی میں گر جائے۔ پھر نیچے کی ہانڈی سے رس نکال کر پتھر کی کونڈی میں رکھ کر سکھا لیتے ہیں۔ پھر بھی ہندوستان میں کاٹھیاواڑ،میسوراور مدارس سے عام مل سکتا ہے۔ علاوہ ازیں مصّبراہےسینیا،جزیرہ سقوطرہ سے بھی آتا ہے۔

ایلوا(مصّبر) صاف کرنے کی ترکیب:

بازار میں جو مصبر ملتا ہے اس میں ریت، مٹی، لکڑی اور پتے ملے ہوتے ہیں اور اس لئے ادویات میں ڈالنے سے پہلے اس کو صاف کر لینا چاہئے۔ایلوا کو چار گناہ ابلتے ہوئے گرم پانی میں گھول کر کچھ دیر تک رکھا رہنے دیں تاکہ مٹی وغیرہ نیچے بیٹھ جائے پھر اوپر کا پانی نتھار لیں اور آگ پر رکھ کر سکھا لیں۔ یہی اصلی ایلوا(مصّبر)ہے۔

دوسری ترکیب یہ ہے کہ ایلوا کو گرم پانی میں گھول کر کپڑے سے چھان لیں اور اسے دھوپ میں سکھا لیں لیکن پہلی ترکیب زیادہ بہتر  ہے۔

ایلوا(مصّبر) کے مجربات درج ذیل ہیں:

قبض:

ایلوا  50 گرام، ہیرا کسیس بڑھیا ہرے رنگ کا 50 گرام۔ دونوں کو مٹی کے ساتھ نئے برتن میں 1 1/4کلو پانی میں ڈال کر بھگو دیں۔گل جانے پر موٹے  کپڑے سے چھان لیں اور دھیمی دھیمی آگ پر خشک کریں۔ گاڑھا ہونے پر پانی گھوٹ کر ایک ایک رتی کی گولیاں بنا لیں۔ رات کو سوتے وقت ایک گولی پانی سے نگل لیں۔ یہ گولیاں مروڑ،اینٹھن  کچھ نہیں کرتی ہیں۔ صبح ایک یا دودست صاف آ جاتے ہیں۔ ہاضمہ کو تیز  کرتی ہے۔

دیگر:

ہیراکسیس 50 گرام،مصّبرشدھ 50 گرام۔ دونوں کوکھرل کرلیں اور ایک ایک رتی کی پانی کی مدد سے گولیاں بنا لیں۔ رات کو ایک گولی پانی سے دیں۔ صبح پاخانہ کھل کر آجاتا ہے۔

بندش ایام:

ایلوا دو گرام،ہیراکسیس  ایک  گرام، کیسر اصلی ایک گرام۔ تینوں کو عرق سونف کے ساتھ کھرل کرکے بارہ گولیاں بنا لیں۔ ایام آنے سے پہلے ایک گولی صبح اور ایک گولی شام کو پانی سے کھلائیں۔ ایام کی ر کاوٹ دور کرنے کے لئے مفید ہے۔

سوجن:

چونے کے پانی کے ساتھ ایلواپیس کر  لیپ کرنے سے سوجن کو آرام آجاتا ہے۔

بندش ا ایام:

مصّبر  شدھ،ہیراکسیس، مرمکی، ہینگ خالص ہر ایک 20 گرام۔ پانی کے ساتھ نخود کے برابر گولیاں بنا لیں اور وقت ضرورت ایک گولی ہمراہ عرق سونف یا نیم گرم پانی  سے دیں۔بندش ایام کے لئے مفید ہے۔

دیگر:

مصبر  شدھ ، ریوند خطائی، افسنتین، کیسر ہر ایک تین گرام، ہیراکسیس دو گرام ، تمام ادویات کو باریک کرکے چنے کے برابر پانی کی مدد سے گولیاں بنائیں ۔ خوراک ایک گولی ہمراہ شربت بزوری دیں۔

دیگر:

مصّبر  شدھ دس گرام ہیراکسیس3 گرام، زعفران(کیسر) 6 گرام، کستوری خالص ایک گرام سب دواؤں کو کوٹ چھان کر پانی کی مدد سے چنے کے برابر گولیاں بنائیں۔ ایک گولی صبح اور ایک گولی شام ہمراہ عرق سونف دیں۔ چار پانچ دن کے استعمال سے ایام جاری ہو جاتے ہیں۔

دیگر:

مصّبر (aloes) شدھ،ہیراکسیس،ہینگ بریاں بڑھیا ،سہاگہ بریاں تمام ادویہ برابر برابر لے کر گھیکوار(کنوار گندل) کے رات میں کھل کر کے دو رتی کی گولیاں بنا ئیں۔ایام جاری ہونے سے پہلے ایک سے دو گولی صبح و شام ہمراہ عرق سونف یا پانی سے دیں۔ ایام کے دنوں میں بھی جاری رکھیں۔

دیگر:

مصّبرشدھ ,ایک رتی،ہیراکسیس 1 1/2رتی، سفوف دارچینی ایک رتی،ہرسہ ادویہ کو شہد خالص میں ملا کر دو گولیاں بنائیں۔ ایسی ایک سے دو گولی صبح وشام پانی سے دیں۔

دیگر:

مصّبر شدھ اصلی 10گرام،مرمکی 40 گرام، کیسر 10گرام، کشتہ فولاد خالص 10گرام، ہینگ خالص 10گرام۔ شہد ملا کر چھوٹے چنے کے برابر گولیاں بنائیں۔ایک گولی صبح و ایک گولی شام ایام آنے سے دس دن پہلے دیں۔ بے قاعدگی ایام، کمی خون، درد آیام وامراضِ نسواں کے لئے مفید ہے۔

ایلوا(مصّبر)کی مشہور مرکبات

حب تنکار:

مصّبر  شدھ 56 گرام، سہاگہ  7گرام، اجوائن خراسانی8  3/4 گرام، مرچ سیاہ 42 گرام، شیرہ گھیکوار( کنوار گندل) میں چنے کے برابر گولیاں بنائیں اور ایک سے دو گولی رات کو سوتے وقت کھانا کھانے کے بعد دونوں وقت پانی سے دیں۔ بھوک لگاتی ہے۔ دائمی قبض کودور کرتی ہے  اور پیٹ کو بڑھنے سے روکتی ہے۔

حب تِلی:

نوشادر،ہیراکسیس،مصّبرشدھ، زیرہ سیاہ، سہاگہ ہر ایک دس گرام۔ رس  گھیکوار میں کھرل کر کے نخود کے برابر گولیاں بنا لیں۔ ایک گولی صبح، ایک گولی دوپہر اور ایک شام پانی کے ساتھ دیں۔ تلی کے بڑھ جانے سے جتنے عوارض پیدا ہو گئے ہوں۔ ان گولیوں کےاستعمال سے دور ہو جاتے ہیں۔

حب سورنجاں:

ایلوا(مصّبر)شدھ،چھلکا ہر زرد(پپلی)، سورنجاں میٹھی برابر برابر لے کر پیس لیں اور ہری مکو کے پانی میں گوندھ کر چنے کے برابر گولیاں بنا لیں۔ خوراک 2 سے 4 گولیاں رات کو سوتے وقت پانی کے ساتھ دیں۔ اگراجابت زیادہ ہونے لگے تو گولیوں کی مقدار کم کردیں۔

 جوڑوں کے درد اور عرق النسا ءمیں بہت ہی مفید  ہے۔ زبردست قبض کشا ہے۔

حب ملین:

ایلواصاف شدہ،ست ملیٹھی، الائچی خورد، سقمونیا مشوی، مصطگی رومی، گل بنفشہ، سونٹھ ہر ایک 10 گرام۔ سب کو بریک کر کے عرق گلاب کے ساتھ چنے کے برابر گولیاں بنائیں اور سایہ میں خشک کرکے محفوظ رکھیں۔ ایک سے دو گولی رات کو سوتے وقت نیم گرم دودھ سے دیں۔ قبض دور کرنے کے لئے  یہ گولیاں مجرب و آزمودہ  ہیں۔

حب عصارہ:

ایلواشدھ،عصارہ ریوند ہر ایک دس دس گرام، مصطگی رومی 5 گرام۔

 ان سب کو کوٹ چھان کر دانہ مونگ کے برابر گولیاں بنالیں۔

خوراک:

دو گولی سے تین گولی ہمراہ نیم گرم پانی رات کو سوتے وقت دیں۔ دست آور ہے۔ درد سر و قبض کے لئے مفید  ہے۔

جڑی بوٹیوں کاانسائیکلو پیڈیا

دیگرنام:

عربی اور فارسی میں صبر ،مرہٹی میں کالا بول ، گجراتی میں ایلیو، ہنگانی میں گھر ت  کماری مصر، ہندی میں ایلو ، سنسکرت میں اے لیکھ ،سندھی میں ایریو ،یونانی میں آلویہ فیقرا اور انگریزی میں ایلوز کہتے ہیں۔

ماہیت :

گھیکوار ایک عام پودا ہے جس میں ڈنٹھل اور تنا نہیں ہوتا۔ جڑ کےچاروں طرف چوڑے اور لمبے کنارے کانٹے دار پیدا ہوتے ہیں ۔جن میں گودا  بھرا ہوتا ہے۔یہ پتے لگ بھگ ایک فٹ لمبے اور ڈھائی انچ چوڑے ہوتے ہیں ۔ اس کے گودے اور  پانی میں  سے مصبر  کی طرح بو اور ذائقہ مصبر  کی طرح کڑوا ہوتا ہے ۔ اس  پودے  کو پھل نہیں لگتا لیکن ماہ فروری مارچ میں اس کے درمیان میں لمبی سیدھی شاخ  نکلتی ہے۔ جس کے اوپر بالی نما گلابی پھول  لگتے ہیں۔ اس کی جڑ پھیل کر نئے پودے پیدا کرتی ہے۔ اس میں ہر قسم کا کشتہ بن سکتا ہے۔

رنگ:

تقریباً سیا ہ اورڈلیاں چکنی ہوتی ہیں۔ ذائقہ : سخت کڑوا اور جی متلانے والا

اہم بات:

ایلوا  ، گھیکوار کے پتوں کے گودے کا عصارہ ہے جو کہ کئی قسم کا ہوتا ہے لیکن بہترین ایلوا صبر سقوطری ہوتا ہے جہاں اس کی بابت ہی بیان ہو گا۔

ایلوا کے پودے کو ایلوایا ایریا ایلوچائی منن کہا جاتا ہے۔ اس پودا کو عموماً گھروں میں خوبصورتی کے لئے لگایا جاتا ہے۔

مقام  پیدائش:

پاکستان اور ہندوستان

مزاج:

گرم خشک درجہ دوم

افعال:

ملین و مسہل ،مقوی معدہ ، مقوی جگر، قاتل کرم شکم ،مدر حیض ، منقی قروح

استعمال:

ایلوا قبض دور کرنے کے لئے بکثرت استعمال ہوتا ہے۔ دماغ ، پیٹ اور مفاصل کے مادے کو خارج کرتا ہے۔ مفرد یا مناسب ادویہ کے ہمراہ امراض سوداویہ میں مستعمل ہے۔ تقویت  معدہ کے لئے خفیف مقدار میں استعمال کیا جاتا ہے۔ کرم شکم  خصوصاً چونوں  کے قتل و اخراج کے لئے اس کے آب محلول سے حقنہ کرتے یا کسی روغن میں ملا کر مقعد میں لگاتے ہیں اور بعض کرم مار دواؤں میں  بھی ان کو شامل کیا جاتا ہے ۔ جو کھانے کو دی جاتی ہیں۔ مدر حیض ہونے کی وجہ سے بندش حیض ، قلت حیض،سوء ہضم دائمی قبض میں مفید  ہے۔ حیض کی کمی میں فولاد کے مرکبات کے ہمراہ استعمال کرنا زیادہ مفید  ہے۔ حاملہ عورت کو ایلوز باربار استعمال کرنے یا زیادہ مقدار  میں استعمال کرانے سے حمل ساقط ہو جاتا۔اسقاط حمل کے لئے اس کو بطور فررجہ بھی استعمال کرتے ہیں ۔

زخموں کو پاک و صاف کرنے  کے لئے تنہا یا مناسب ادویہ کے ہمراہ ذرور کرتے یا مرہم میں شامل کر کے لگاتے ہیں ۔ بصارت کو تقویت دیتا ہے۔

سدہ کھولتا ہے۔ اشق +رسوت +اقاقیا  +افیون کو سرکہ میں حل کر کے استعمال کرنا  ورم طحال کو نافع ہے۔

دائمی قبض میں مفید ہے  اس کو بار بار استعمال کرنے سے عمل کم نہیں ہوتا بلکہ تیز ہوتا  ہے اور قوت  ہاضمہ کو نقصان نہیں ہوتا جبکہ ایلوز (aloes) کو ہمراہ عصار ہ یوند +کچلہ + شحم  نظل +اجوائن خراسانی وغیرہ ملا کر دینے سے مروڑ کم ہو جاتا ہے۔

نفع خاص :

مسہل ہے۔ مضر: خراش آمعاء پیدا کرتا ہے۔

مصلح:

کتیرا اور گل سرخ۔ بدل: تربد ، عصارہ ریوند

کیمیاوی اجزاء:

تلخ جوہر ایلوان، صبرین، موڈین، ریزن، اڑنے والا تیل ، گیلک ایسڈ پایا جاتا ہے۔

مقدار خوراک:

ایک سے چار رتی

مشہور مرکبات:

حب شب یار ،حب صبر ، حب تنکار، حب مدر ، حب ایارج

خاص بات:

ایلوز کو ہومیوپیتھی  میں اسہال بند کرنے کے لئے پوٹینسی میں استعمال کرتے ہیں اور بواسیر میں جب کہ ٹھنڈے پانی سے بواسیر کے درد کو افاقہ ہو تو ایلوز استعمال کرتے ہیں۔

تاج المفردات