دیسی ٹوٹکے

نظامِ ہضم،آنتوں کے امراض سے نجات کے لئے آسان گھریلو ٹوٹکے


ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ہاضمہ خراب ہو تو آدمی کو صحت مند نہیں کہا جا سکتا۔کئی بیماریاں ہاضہ کی خرابی کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ایک مشاہدہ یہ ہے کہ تقریباً ہر گھر میں ہاضمہ کی خرابی کی شکایت کرنے والے موجود ہیں۔ہاضمہ میں خرابی محسوس ہونے پر اکثر لوگ جھٹ ہاضمہ کی کوئی دوا استعمال کر لیتے ہیں،ان دواؤں میں کھاری چیزیں مثلاً سوڈیم ہائی کاربونیٹ وغیرہ شامل ہوتے ہیں۔

معدے میں ہاضم رطوبت موجود ہوتی ہیں جن کی خاصیت تیزابی ہوتی ہے۔جب سوڈیم ہائی کاربونیٹ معدے کی تیزابی رطوبتوں میں داخل ہوتی ہے تو کیمیائی عمل کے نتیجے میں کاربونک ایسڈ گیس بنتی ہے۔یہ گیس ڈکار یا ریاح کی صورت میں خارج ہونے پر لوگ خود کو بہت ہلکا اور پُرسکون تصور کرتے ہیں۔ایسے لوگ یہ نہیں دیکھتے کہ ہاضمے کی دوا نے جو گیس ان کے جسم سے خارج کی ہے،وہ گیس بنی ہی اسی دوا کی وجہ سے تھی۔

گیس و ہاضمہ کے مسائل کے لئے ذیل میں کچھ مفید نسخے دیے جا رہے ہیں۔
چھ گرام ادرک باریک کاٹ کر تھوڑا سا نمک لگا کر دن میں ایک مرتبہ کھانا کھانے سے پہلے کھانا بدہضمی کے لئے مفید ہے۔اس سے ہاضمہ ٹھیک ہوتا،بھوک لگتی ہے،پیٹ کی گیس،قبض دور ہو گی،منہ کا ذائقہ ٹھیک ہو گا اور گلے میں جما بلغم صاف ہوتا ہے۔

سونٹھ اجوائن پیس کر لیموں کے رس میں تر کر لیں۔

اسے سائے میں خشک کر کے نمک ملا لیں۔صبح و شام پانی سے ایک گرام لیں۔اس سے نظام ہاضمہ کی خرابی،گیس درد،کھٹے ڈکار ٹھیک ہوتے ہیں۔

ایک چمچ زیرہ بھون کر پیس لیں۔اس کو ایک چمچ شہد میں ملا کر کھانا کھانے کے بعد کھانا چاہیے۔یہ ڈکار میں مفید ہے۔
بدہضمی،بھوک میں کمی،کھانے میں دلچسپی نہ ہونا،قبض،گیس کی شکایت ہونے پر کھانے کے ساتھ مولی پر نمک،سیاہ مرچ ڈال کر کھانے سے فائدہ ہوتا ہے۔

پیٹ کی بیماریوں میں مولی کی چٹنی،اچار سبزی بھی مفید ہے۔

پیٹ میں ایک طرح کے ابھار کو جسے ”گیس گولہ“ کہتے ہیں۔یہ گھٹتا بڑھتا رہتا ہے۔دو چمچ لیموں کا رس گرم پانی میں ملا کر پلانے سے ”گیس گولہ“ میں آرام ملتا ہے۔

سوندھا نمک ایک حصہ،دیسی چینی چار حصے،ملا کر آدھا چمچ گرم پانی سے روزانہ تین مرتبہ لینے سے ”گیس گولہ“ میں فائدہ ہوتا ہے۔

انگور کی تازہ کونپلوں کی چٹنی بنا لیں اس میں تین عدد کالی مرچ بھی شامل کر لیں۔نمک حسب ذائقہ رکھیں۔اس چٹنی کو چند دن کھانے سے تبخیر معدہ کی شکایت کا ازالہ ہو جاتا ہے اور کھٹے ڈکار بھی آنا ٹھیک ہو جاتے ہیں۔
خرابی ہضم کی صورت میں سیاہ مرچ،سفید زیرہ اور نمک ہم وزن لے کر باہم پیس کر ملا لیں،تازہ تربوز کاٹیں اور اس پر یہ مصالحہ چھڑک کر کھانے سے آرام ملتا ہے۔

کھانے سے ایک دو گھنٹے قبل دو آڑو کھانے سے معدے کی تیزابیت دور ہو جاتی ہے،اس سے معدے کی گرمی بھی دور ہو جاتی ہے اور بھوک بڑھ جاتی ہے۔
ریاحی تکلیف کے لئے آدھا لیموں کاٹ لیں۔اس کا رس نکال کر اس میں آدھا چمچ اجوائن ملائیے۔اسے تھوڑی تھوڑی دیر بعد چاٹیے۔اس طرح تکلیف رفع ہو جاتی ہے۔
ہری ہلدی ادرک کے لچھوں کی طرح باریک باریک کاٹ لیجیے۔اس پر لیموں کا رس،حسب ذائقہ نمک اور کالی مرچ چھڑک کر ہر کھانے کے ہمراہ استعمال کرنا ہاضمے کے لئے مفید ہے۔