ہیلتھ ٹپس

بالوں کے برش کی صفائی نہایت ضروری


اپنی حسین و خوبصورت زلفوں کو سنوارنے کے لئے آپ کو ایک اچھی کوالٹی کے ہیئر برش کی ہمیشہ ضرورت ہوتی ہے۔اپنی بکھری زلفوں کو سنوارنے اور انہیں نت نئے اسٹائل دینے کے لئے ہم برش استعمال کرتے ہیں لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ برش کو بھی صفائی اور نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے؟گندا برش یا کنگھی دونوں ہی کی صفائی نہایت ضروری ہے بصورت دیگر میل اور ٹوٹے ہوئے بال برش کا مقدر بنے رہیں گے آپ کا برش جراثیموں اور میل سے بھرا ہوتا ہے جس سے بالوں میں انفیکشن بھی پیدا ہو سکتا ہے۔

آپ بالوں کی حفاظت اور نشوونما پر ہزاروں روپے خرچ کرتے ہوئے اپنے میلے برش پر کبھی بھی نگاہ نہیں ڈالتی ہوں گی۔جب تک برش کی اچھی طرح صفائی نہ ہو کوئی بھی پروڈکٹ فائدہ نہیں دے گی۔گندے برش یا کنگھی میں لگی میل ہر بار بالوں میں واپس چلی جاتی ہے اور انہیں زیادہ چکنا بنا دیتی ہے۔

آپ اپنے بال سنوارنے کے لئے ہیئر برش یا کنگھا جو بھی استعمال کرتی ہوں اسے باقاعدگی سے ہفتہ وار بنیادوں پر دھو کر صاف کرنا بے حد ضروری ہے۔

پلاسٹک کے برش اور کنگھی صاف کرنے کے لئے گرم پانی ایک برتن میں لے کر تھوڑا سا شیمپو شامل کر کے برش اس میں تھوڑی دیر کے لئے بھگو دیں پھر پرانے ٹوتھ برش سے داندانوں کو اچھی طرح صاف کر لیں البتہ لکڑی کے برش کو اس طرح صاف نہیں کیا جا سکتا۔ایسی صورت میں آپ دوسرا برش خرید لیں۔