خصوصی فیچرز

روڈی مر چکا ہے


ایک امریکن نوجوان روڈی اچانک غائب ہو گیا بعدازاں اس کے خون آلود کپڑے اس کے دوست بوکارو کے گھر سے ملے۔ پولیس نے بوکارو کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کئی ماہ تک روڈی کی نعش تلاش کرتی رہی لیکن نعش نہیں ملی تاہم قتل کی وجوہات‘ ثبوت‘ مقتول کے کپڑے اور آلہ قتل بوکارو کو ملزم ثابت کرنے کیلئے کافی تھے۔ ملزم کا وکیل کوری اسے عدالت میں بچانے کی کوشش کرتا ہے مگر ناکام ہو جاتا ہے یہاں تک کہ فیصلے کا وقت آ جاتا ہے۔ جیوری جونہی فیصلہ سنانے لگتی ہے توبوکارو کا وکیل کوری اچانک کھڑا ہوتا ہے اور یہ اعلان کرتا ہے کہ مقتول زندہ ہے اور وہ ابھی دس منٹ بعد پچھلے دروازے سے عدالت میں داخل ہو جائے گا۔

اس اعلان کے بعد صورتحال کچھ یوں ہوتی ہے۔ ملزم بوکارو کٹہرے میں کھڑا ہے‘اس کی پشت پر عدالت کا پچھلا دروازہ ہے اور جج اور جیوری کے ارکان دروازے پر نظریں گاڑھ کر بیٹھے ہیں‘ دس منٹ پورے ہوجاتے ہیں لیکن مقتول عدالت میں نہیں آتا جس پر جیوری وکیل کی طرف دیکھتی ہے تو وکیل مسکرا کر کہتا ہے ”مائی لارڈ آپ تمام لوگ دس منٹ تک اس دروازے کو دیکھتے رہے‘ اس کا مطلب ہے آپ کے دل میں مقتول کے زندہ ہونے کا شک موجود ہے چنانچہ جب شک موجود ہو تو آپ میرے موکل کو قتل کی سزا کیسے دے سکتے ہیں“ وکیل کی دلیل سن کر پوری عدالت تالیوں سے گونج اٹھتی ہے‘ جیوری دس منٹ کیلئے ریٹائرنگ روم میں چلی جاتی ہے ‘ لوگوں کو محسوس ہوتا ہے قاتل بوکارو کو شک کی بنیاد پر رہا کر دیا جائے گا لیکن جیوری واپس آ کر بوکارو کو نہ صرف قاتل ڈکلیئر کر دیتی ہے بلکہ اسے موت کی سزا بھی دے دیتی ہے۔ عدالت برخاست ہوتی ہے تو وکیل کوری جج کے چیمبر میں جاتا ہے اور ادب سے پوچھتا ہے ”جناب آپ نے یہ فیصلہ کیسے دیا؟“

 

جج نے قہقہہ لگایا اور بولا ”جب تم نے یہ اعلان کیا تھا کہ قاتل دس منٹ میں اس دروازے سے اندر داخل ہو جائے گا تو عدالت میں موجود لوگ دس منٹ تک دروازے کی طرف دیکھتے رہے تھے لیکن قاتل بوکارو واحد شخص تھا جس نے ایک بار بھی دروازے کی طرف مڑ کر نہیں دیکھاتھا۔ کیوں؟ کیونکہ وہ جانتا تھا روڈی مر چکاہے اور وہ کبھی عدالت میں داخل نہیں ہوگا“۔