میں آپ کو ابن عربی کی ایک ایسی تسبیح بتانا چاہتا ہوں جو دنیا میں سٹریس‘اینگزائٹی‘ ٹینشن اور ڈپریشن کا سو فیصد علاج ہے‘ یہ تسبیح اللہ تعالیٰ نے ابن عربی کو مراکش شہر میں عطا کی تھی‘ شیخ نے اپنی کتاب میں لکھا ”میں مراکش میں بزرگ صوفی ابوالعباس ال سبتی کے گھر میں مقیم تھا‘ رات کے وقت مجھے عرش الٰہی کا دیدار ہو گیا‘ عرش الٰہی کے چاروں پائے نورانی تھے اور عرش کا سایہ لامتناہی تھااور اس کے نیچے ایک خزانہ چھپا ہوا تھا‘ مجھے بتایا گیا یہ آدم کی نسل کا خزانہ ہے‘ اس میں دنیا کے ہر شخص کی خوشیاں اور خواہشیں پڑی ہیں‘ شیخ نے فرمایا‘ میں نے خزانے کا صندوق غور سے دیکھا تو اس پر ایک آیت لکھی تھی‘ مجھے بتایا گیا یہ آیت اس خزانے کی چابی ہے‘نسل آدم میں سے جو بھی شخص یہ آیت پڑھے گا‘ اس کے لیے خزانے کا صندوق کھل جائے گا‘ شیخ کا فرمانا تھا ” میں نے جب اس آیت کی مشق شروع کی تو پتا چلا موت کے سوا دنیا کے ہر مسئلے کا علاج اس ایک آیت میں موجود ہے‘ ابن عربی نے بعد ازاں اس آیت کو تسبیح کی شکل دی اور ارتغرل سمیت ہزاروں لوگوں کو یہ عطا کی‘ آپ یہ جان کر حیران ہوں گے یہ آیت چند دنوں میں سٹریس‘ اینگزائٹی‘ ڈپریشن اور ٹینشن کو چوس لیتی ہے۔
دنیا میں دو قسم کے لوگ ہوتے ہیں ماننے وال اور نہ ماننے والے‘ کچھ لوگ ایسی چیزوں پر یقین کرتے ہیں اور کچھ ۔۔ان کو نہیں مانتے لہٰذا ہم بلیورز کو یہ آیت بتائیں گے اور انہیں اس کی تسبیح کرنا سکھائیں گے‘ یہ ان شاء اللہ چند ماہ میں سٹریس‘ ٹینشن اور اینگزائٹی سے نکل آئیں گے جب کہ نان بلیورز کو سٹریس بھگانے کے جدید ترین طریقے سکھائیں گے‘ یہ بھی بہت مفید ہیں لیکن اس طرف جانے سے پہلے ہم آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں سٹریس‘ اینگزائٹی‘ ٹینشن اور ڈپریشن ہوتا کیا ہے؟ سٹریس دراصل فیلنگز یا احساسات کا ایک ابال ہوتا ہے‘ یہ ابال ہمارے اندر اس وقت اٹھتا ہے جب ہم وقت سے آگے نکلنا چاہتے ہیں‘ جب ہم وقت سے پہلے رزلٹ چاہتے ہیں مثلاً فرض کریں انسان کے زخم ایک ہفتے سے لے کر چار ہفتوں میں ٹھیک ہوتے ہیں‘ یہ مختلف لوگوں میں ویری کرتے ہیں‘ ہم جب اپنا زخم تین دن میں ٹھیک دیکھنا چاہیں گے تو کیا ہو گا ہمارے اندر بیڈ فیلنگز کاابال آ جائے گا‘ یہ ابال سٹریس کہلائے گا‘ محنت کے بغیر ٹاپ کرنے کی خواہش‘ ایک رات میں حسین‘امیر ‘ مشہور اور پاورفل ہونے کی کوشش ‘ کیا نتیجہ نکلے گا ‘ اندر سٹریس کا ابال آئے گا۔
ہم سب میں سٹریس آتا ہے اور نکل جاتا ہے لیکن اگر یہ مسلسل تین گھنٹے ہمارے جسم میں رہ جائے تو سٹریس اینگزائٹی میں تبدیل ہو جاتا ہے‘ اینگزائٹی اگر مسلسل دو دن رہ جائے تو یہ ٹینشن میں تبدیل ہو جاتی ہے اور اگر ٹینشن ایک ہفتہ رک جائے تو یہ ڈپریشن میں بدل جاتی ہے اور آپ اگر ایک بار ڈپریشن کا شکار ہوجائیں تو پھر میڈی سنز کے علاوہ کوئی علاج نہیں رہ جاتا لہٰذا آپ اگر دواؤں سے بچنا چاہتے ہیں تو پھر سٹریس کنٹرول کرنا سیکھ لیں‘ آپ کی زندگی آسان ہو جائے گی اور آپ یہ بھی یاد رکھیں ڈاکٹرسٹریس کو ”مدر آف ڈزیز“ کہتے ہیں‘ امراض کی ماں‘یقین کریں سٹریس انسان کو کینسر تک لے جاتا ہے اور میں آپ کو سٹریس سے بچنے کا ابن عربی کا طریقہ بتاتا ہوں‘یہ طریقہ ہزار سال سے استعمال ہو رہا ہے اور یہ کروڑوں لوگوں کی زندگی بدل چکا ہے‘ شیخ نے فرمایا نسل آدم کے خزانے پر لاحول ولاقوة الا باللہ لکھا تھا‘ شیخ نے اس آیت کو تسبیح بنایا اور اپنے شاگردوں کو کثرت سے لاحول ولا قوة الاباللہ پڑھنے کا حکم دے دیا‘ رزلٹ حیران کن تھے‘ جس نے بھی یہ تسبیح شروع کی اس کا غیرمطمئن ابلتا ہوا نفس‘ مطمئن ہو گیا لہٰذا آپ ایک تسبیح خریدیں اور آج سے لاحول ولا قوة الا باللہ پڑھنا شروع کر دیں‘ آپ یہ تسبیح جتنی کریں گے آپ اتنا ہی سٹریس سے بچے رہیں گے‘ آزمائش شرط ہے‘ اگر آپ کو فائدہ ہوا تو میرے لیے دعا کر دیجیے گا۔
ہم اب سائنسی ذہن یا نان بلیورز کے لیے سٹریس اور اینگزائٹی کا علاج بتاتے ہیں‘ ان کے لیے پانچ علاج ہیں ایک‘سٹریس پیدا کرنے والے مسئلے کا حل تلاش کیا کریں‘ ہم مسائل پر رونا دھونا شروع کر دیتے ہیں‘ آپ رونے دھونے کی بجائے اپنی ساری توجہ مسئلے کا حل تلاش کرنے پر لگا دیا کریں‘آپ سٹریس سے باہر آ جائیں گے‘ دنیا کے خوش ترین انسان میتھیو ریکرڈ کا کہنا ہے میں جب کسی مسئلے کا شکار ہوتا ہوں تو میں سوچتا ہوں کیا دنیا میں اس کا کوئی حل موجود ہے‘ اگر جواب ہاں میں ہو تو میں اپنے آپ کو سمجھاتا ہوں ”اگر حل ہے تو پھر پریشانی کی کیا بات ہے“ اور اگر جواب ناں ہو تو پھر میں اپنے آپ کو سمجھاتا ہوں جب دنیا میں اس مسئلے کا کوئی حل ہی نہیں تو پھر پریشانی کی کیا بات ہے“ چناں چہ پریشان نہ ہوا کریں‘ پریشانی کا حل تلاش کیا کریں‘ سٹریس ناکام واپس چلا جائے گا۔
دو‘ مسئلوں کے نام بدل دیا کریں‘ میں ہر مسئلے‘ ہر مصیبت کو چیلنج کا نام دے دیتا ہوں‘اس سے مسئلوں کی شدت کم ہو جاتی ہے‘ وزن کم کرنا ہے‘ یہ مسئلہ نہیں چیلنج ہے‘ زبان سیکھنی ہے یہ مسئلہ نہیں چیلنج ہے‘ پیسہ کمانا ہے یہ بھی مسئلہ نہیں چیلنج ہے اور پہلی پوزیشن حاصل کرنی ہے یہ بھی مسئلہ نہیں چیلنج ہے اور ہر چیلنج پر پورا اترنے کی تکنیکس ہوتی ہیں ‘ ہم انسان جب مسئلوں اور مصیبتوں کو چیلنج میں کنورٹ کر لیتے ہیں تو یہ پھر مصیبت یا مسئلہ نہیں رہتے‘ آپ آج سے ہر مشکل چیز کو چیلنج سمجھنا شروع کر دیں‘ سٹریس سے آپ کی جان ہمیشہ کیلیے چھوٹ جائے گی۔
تین‘ جاگنگ کریں‘ آپ کو جب بھی سٹریس‘ اینگزائٹی‘ ٹینشن یا ڈپریشن ہو آپ جاگر پہنیں اور مسلسل 20 منٹ آہستہ آہستہ دوڑ لگائیں یا جاگنگ کریں‘ آپ ٹھیک 16 منٹ پر ٹھیک ہو جائیں گے‘ کیوں؟ کیوں کہ ہمارے سٹریس ہارمونز 16 منٹ کی دوڑ سے ختم ہو جاتے ہیں‘ دنیا کے کروڑوں لوگ اس نسخے سے بھی صحت یاب ہو چکے ہیں۔
چار‘ یوگا کریں‘ آپ سٹریس میں آلتی پالتی مار کر فرش پر بیٹھ جائیں‘ ناک سے لمبی سانس لیں‘ ۔۔اسے پھیپھڑوں میں روکیں اور منہ سے خارج کر دیں‘ آپ نے یہ ایکسرسائز سو بار کرنی ہے‘ آپ یہ عمل دہراتے ہوئے دس سے پچاس کے دوران کسی جگہ مکمل ٹھیک ہو جائیں گے لیکن آپ ۔۔اس کے باوجود سو تک جائیں گے‘ آپ اگلے تین دن کے لیے سٹریس سے پاک ہو جائیں گے اور پانچواں اور آخری طریقہ آپ پچھلے چاروں طریقوں کے ساتھ لاحول ولا قوة کی تسبیح بھی شروع کر دیں‘ اس چھوٹی سی تسبیح سے آپ کا کوئی نقصان نہیں ہو گا‘ اگر تسبیح نے اثر دکھا دیا تو بہت اچھا‘ نہ دکھایا تو آپ کا کیا جائے گا۔