خصوصی فیچرز

توکل


کسی شہر میں سیلاب آ گیا اور سارا شہرپانی میں ڈوب گیا۔ کچھ لوگ تیر کر باہر نکل گئے اور کچھ کو ریسکیو ورکرز نے بچا لیا لیکن ایک صاحب نے اپنا گھر چھوڑنے سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا ”اللہ میرا مالک ہے اور وہی مجھے بچائے گا“ پانی اس کی پہلی منزل پر پہنچا تو ہمسایوں نے اسے ساتھ چلنے کا مشورہ دیالیکن اس نے ”مجھے اللہ بچائے گا“

کا نعرہ لگایا اور ساتھ جانے سے انکار کر دیا۔ پانی اس کی دوسری منزل تک پہنچا تو ریسکیو ورکز کشتی لے کر پہنچ گئے لیکن وہ اللہ کی مدد کا انتظار کرتا رہا۔ پانی چھت تک پہنچ گیا تو فوجی جوان موٹر بوٹ لے کر پہنچ گئے مگر ان صاحب نے ان کے ساتھ جانے سے بھی انکار کردیا۔ پانی چھت سے اوپر چڑھا تو وہ صاحب اینٹنے پر چڑھ کر بیٹھ گئے‘انہیں پریشانی میں دیکھ کر ریسکیو کا ہیلی کاپٹران کی مدد کیلئے آگے بڑھا لیکن انہوں نے اس بار بھی انکار کر دیا۔

 

قصہ مختصر پانی کا ریلا آیا‘ وہ صاحب پانی میں گرے اور ان کا انتقال ہو گیا۔ وہ مرنے کے بعد اللہ کے دربار میں پیش ہوئے تو انہوں نے اللہ تعالیٰ سے شکوہ کیا ”یا باری تعالیٰ میں نے آپ پر توکل کیا تھا لیکن آپ نے میری مددنہیں کی“ اللہ تعالیٰ نے جواب میں فرمایا ”بے وقوف انسان تمہارے لئے ہیلی کاپٹر‘ فوج‘ کشتیاں‘ ریسکیو ورکرز اور ہمسائے کس نے بھجوائے تھے“ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ”ہم نے تمہیں بچانے کیلئے پوری پوری کوشش کی تھی لیکن تم اپنی انا کے بانس سے نیچے نہیں اترے ‘ تم نے عقل نہیں کی“۔